عوام امن، انصاف اور بلوچستان کے عوامی حقوق کے حصول کے لیے کل کی پرامن پہیہ جام ہڑتال میں بھرپور شرکت کرکے اسے کامیاب بنائیں، مولانا ہدایت

36

کوئٹہ:امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کہا ہے کہ آج7 اگست جمعہ پٹرولیم مصنوعات پر بھتہ خوری،شاہراہوں پر لوٹ مار، بدامنی، بدعنوانی، بارڈرز کی بندش اور لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں بلوچستان بھر میں بھی بڑی شاہراہوں پر ہر قسم کا پہیہ جام ہوگا۔کوئٹہ میں تین مقامات بلیلی کے قریب،میاں غنڈی،تیرہ میل شاہراہ بندکیے جائیں گے۔ٹرانسپورٹرز،ٹرک، بس،مزدا اور دیگر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز، تاجر برادری اور مختلف عوامی حلقوں نے ہڑتال کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی نے صوبہ بھر میں ذمہ داران، کارکنان اور نوجوانوں کو منصوبہ بندی کے ساتھ ہدایات جاری کر دی ہیں اور پہیہ جام ہڑتال کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے ملاقاتوں، تنظیمی اجلاسوں اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہڑتال کسی ایک جماعت یا طبقے کی نہیں بلکہ بلوچستان کے عوام، تاجروں، ٹرانسپورٹرز، مزدوروں اور نوجوانوں کی مشترکہ پرامن جدوجہد ہے، جس کا مقصد امن کا قیام، بدامنی اور بدعنوانی کا خاتمہ، شاہراہوں پر لوٹ مار کی روک تھام، بارڈرز کی بحالی، پٹرولیم مصنوعات پر بھتہ خوری کے خاتمے اور لاپتہ افراد کی بازیابی کے مطالبات کو اجاگر کرنا ہے۔مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کہا کہ بدامنی اور بدعنوانی نے بلوچستان کے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ عوام کی جان، مال، عزت اور کاروبار غیر محفوظ ہو چکے ہیں، جبکہ تجارت سے وابستہ ہزاروں خاندان بارڈرز کی بندش کے باعث شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ عوام کے جائز، آئینی اور جمہوری مطالبات کے حق میں یہ پرامن پہیہ جام ہڑتال ناگزیر ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ پورے ملک کی طرح بلوچستان میں بھی اہم قومی شاہراہیں بند رہیں گی۔ کوئٹہ۔چمن شاہراہ (این-25)، کوئٹہ۔قلعہ عبداللہ شاہراہ، کوئٹہ۔ژوب شاہراہ (این-50)، کوئٹہ۔سبی شاہراہ، کوئٹہ۔کراچی شاہراہ (آر سی ڈی/این-25)، کوئٹہ۔مستونگ۔خضدار۔گوادر شاہراہ (این-25)، گوادر۔تربت۔ہوشاب شاہراہ (ایم-8)، تربت۔پنجگور شاہراہ، نوشکی۔تفتان شاہراہ (این-40)، قلات، خضدار، لسبیلہ،نوشکی،حب، جعفرآباد،نصیرآباد، ڈیرہ مرادجمالی، لورالائی، بارکھان، پشین، قلعہ سیف اللہ، چاغی، واشک،نوشکی، کیچ، گوادر، ڑوب اور شیرانی سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں اہم شاہراہوں پر احتجاج اور پہیہ جام ہوگا۔انہوں نے عوام، ٹرانسپورٹرز، تاجر برادری، وکلاء، طلبہ، کسانوں اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ امن، انصاف اور بلوچستان کے عوامی حقوق کے حصول کے لیے اس پرامن پہیہ جام ہڑتال میں بھرپور شرکت کرکے اسے کامیاب بنائیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں