ؓٓکوئٹہ: نیشنل پارٹی کی صوبائی خواتین سیکرٹری اور رکن بلوچستان اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ نے اسما جتک کے والد ماسٹر عنایت کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے قانون کی حکمرانی اور ریاستی رٹ کے لیے کھلا چیلنج قرار دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس اندوہناک واقعے میں ملوث تمام نامزد ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ خاندان کو بلا تاخیر انصاف فراہم کیا جائے۔اپنے ایک بیان میں کلثوم نیاز بلوچ نے کہا کہ اسما جتک کی وہ ویڈیو، جس میں انہوں نے اپنی جان کو لاحق خطرات کا ذکر کرتے ہوئے نامزد ملزمان کے نام لے کر ریاستی اداروں سے تحفظ کی اپیل کی تھی، اس کے محض دو گھنٹے بعد ان کے والد ماسٹر عنایت کا قتل اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملزمان خود کو قانون اور ریاست سے بالاتر سمجھتے ہیں۔
یہ واقعہ ریاستی اداروں کے لیے ایک سنجیدہ سوال اور واضح پیغام ہے کہ اگر ایسے عناصر کو نہ روکا گیا تو عام شہریوں کا تحفظ کیسے ممکن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس خاندان کے ساتھ مسلسل ظلم اور ناانصافی کا سلسلہ جاری ہے۔ پہلے اسما جتک کے منگیتر اور ماموں کو قتل کیا گیا، بعد ازاں اسما جتک کو اغوا کیا گیا، لیکن اس کے باوجود نامزد ملزمان کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونا انتہائی افسوسناک، تشویشناک اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان ہے۔کلثوم نیاز بلوچ نے کہا کہ اگر کسی شہری کی جانب سے جان کے خطرات سے متعلق واضح نشاندہی اور نامزد افراد کے خلاف شکایات کے باوجود ریاست شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہے تو یہ انصاف کے نظام پر عوامی اعتماد کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے صرف بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے حکومت بلوچستان، محکمہ داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ ماسٹر عنایت کے قتل کی فوری، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، نامزد ملزمان کو بلا تاخیر گرفتار کیا جائے، اسما جتک اور ان کے اہل خانہ کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے اور اس مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے ذمہ دار عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے اور مستقبل میں کوئی بھی شخص خود کو قانون سے بالاتر نہ سمجھے۔
اسماء جتک کے والد کے قتل میں نامزد ملزمان کی فوری گرفتاری اور شفاف تحقیقات کی جائیں، کلثوم نیاز بلوچ
41














