کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی کی قیادت میں ٹرانسپورٹرز اور آل پاکستان مزدا ٹرک گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے ملاقات کی ملاقات میں صوبے میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کو درپیش مسائل، قومی شاہراہوں پر امن و امان کی صورتحال، تجارتی سرگرمیوں اور مال برداری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات خان، اسپیشل سیکرٹری داخلہ عبدالسلام خان اچکزئی، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ عمران زرکون اور ایڈیشنل سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ محمد فریدون خان بھی موجود تھے وفد میں آل پاکستان مزدا ٹرک گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین میر نواب مینگل سمیت ممتاز ٹرانسپورٹرز میر دولت خان لہڑی، انجمن تاجران کے نمائندے رحیم کاکڑ، نور احمد کاکڑ، حاجی یاسین مینگل، نور اللہ ترین، حاجی محمد ابراہیم بنچاری، آغا داد اللہ، حاجی خلیل، طاہر احمد مینگل اور آغا بھی شامل تھے وفد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو ٹرانسپورٹرز تاجران اور گڈز ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل، شاہراہوں پر نقل و حمل کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق مختلف انتظامی امور سے آگاہ کیا
اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ صوبے اور ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور حکومت اس شعبے کو درپیش مسائل کے حل کو ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ٹرانسپورٹرز کے جائز مسائل مرحلہ وار حل کیے جائیں گے اور متعلقہ محکموں کو اس حوالے سے ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور مسافروں، ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو بھرپور انداز میں کام کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی شاہراہوں کو محفوظ، پرامن اور فعال بنانا نہ صرف عوام بلکہ تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی ناگزیر ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مسلسل مشاورت کے ذریعے ایسے اقدامات کرے گی جن سے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں وفد نے مسائل کے حل اور ٹرانسپورٹر برادری کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ٹرانسپورٹرز کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، قومی شاہراہوں پر امن و امان اولین ترجیح ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان
29














