واشک اورمستونگ میں فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 12 دہشتگرد ہلاک، ریاست دشمن عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، وزیراعلیٰ

27

کوئٹہ :بلوچستان میں سیکیورٹی فوسرز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 12 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اور 6 اگست کو کارروائیاں ردالفتنہ 3 کے تحت جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے سلسلے کا حصہ تھیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اگست کو بلوچستان کے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز نے 6 دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ سیکورٹی فورسز کی بر وقت اور موثر کارروائی میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 6 اگست کو مستونگ میں ایک اور کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں مزید 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واشک اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو دہشت گردی کے خلاف جاری قومی مہم کی ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست دشمن عناصر اور ان کے غیر ملکی سرپرست اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے پرامن ماحول کو سبوتاڑ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شب و روز مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے ان کارروائیوں میں پیشہ ورانہ مہارت، بروقت انٹیلی جنس اور مؤثر حکمت عملی کا مظاہرہ کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کا ناسور کسی ایک ادارے کا نہیں بلکہ پوری ریاست اور قوم کا مشترکہ چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد، عوامی تعاون اور اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں، مگر ان کے تمام مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی کے خلاف جاری قومی کوششوں میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ صوبے میں امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ترقیاتی عمل کے تسلسل کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کو امن، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع، سلامتی اور استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں