کوئٹہ:چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت گڈ گورننس، شفافیت اور عوامی خدمت کو اولین فوقیت دیتی ہے، صوبائی انتظامیہ نے عوامی فلاح و بہبود، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اسٹریٹجک اقدامات شروع کیے ہیں جن کا مقصد طویل المدتی سماجی و اقتصادی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ورکشاپ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کی سماجی و معاشی حالت تبدیل کرنے کے لیے دس سالہ جامع ترقیاتی منصوبہ شروع کیا ہے اس منصوبے کا بنیادی مقصد پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینا، عوامی خدمات کی فراہمی میں اضافہ کرنا، اور بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور روزگار کے مواقع تک مساوی رسائی کو یقینی بنا کر صوبے کو ایک لچکدار اور خوشحال خطہ بنانا ہے۔
صوبائی حکومت نے صوبے کی ترقی اور معیشت کی بہتری کے لیے اسٹریٹجک پروجیکٹس شروع کیے ہیں جن میں انٹرپرائز ڈیویلپمنٹ کے ذریعے مقامی صنعتوں اور چھوٹے کاروباروں کو تقویت دینے کیلئے متعدد پروگرام شروع کیے ہیں تاکہ روزگار کی فراہمی یقینی بنایا جاسکے، 9 شہروں میں سیف سِٹیز پر کام شروع ہے، میونسپل سروسز میں بہتری، شہروں اور دیہی علاقوں میں صاف پینے کے پانی کی مستقل فراہمی کیلئے اقدامات، بنیادی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن سمیت اہم منصوبے شامل ہیں جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبے میں 3,900 اسکولوں کو فعال کیا جبکہ 14500 اساتذہ کی بھی تقرریاں کر دی گئی ہے تاکہ اساتذہ کی کمی کو پورا کیا جاسکے
تعلیمی معیار بہتر ہو۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ 3,000 اسکولوں میں دو اضافی کلاس رومز تعمیر کئے جارہے ہیں رواں سال 279000 سے زائد بچوں کو اسکولوں میں داخل کروایا گیا جبکہ گزشتہ دو سال میں مجموعی طور پر 700,000 سے زائد بچوں کا انرولمنٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لیے رواں سال سے اے آئی ریکروٹمنٹ پالیسی نافذ کردیا ہے تاکہ شفافیت اور اہلیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ سرکاری ڈھانچے میں غیر ضروری 8,000 آسامیوں کو ختم کر دیا گیا ہے تاکہ اخراجات میں کمی اور کارکردگی میں اضافہ ہو، ہسپتالوں میں ادویات اور طبی ساز و سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے، مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت نے محدود وسائل کے باوجود مستحکم پالیسیوں کے ذریعے نمایاں پیش رفت کی ہے، تاہم عوامی شراکت اور محکموں کی مربوط کوششیں ضروری ہیں تاکہ یہ اقدامات مستقل اور پائیدار نتائج دیں۔
بلوچستان میں گڈ گورننس اور عوامی فلاح کے لیے جامع اصلاحات جاری ہیں، چیف سیکرٹری
11













