کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت جشن آزادی کی تقریبات کی تیاری کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے بھر میں یوم آزادی کی تقریبات قومی جذبے، نظم و ضبط اور بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منانے کے لیے جامع حکمت عملی اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان کے تمام ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں جشن آزادی کی تقریبات شایانِ شان انداز میں منعقد کی جائیں گی، جن میں قومی پرچم کشائی، ملی نغموں، ثقافتی، تعلیمی اور عوامی پروگراموں سمیت مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ عوام خصوصاً نوجوان نسل میں حب الوطنی اور قومی یکجہتی کے جذبے کو مزید فروغ دیا جا سکے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جشن آزادی کی تقریبات کو منظم، باوقار اور یادگار بنانے کے لیے تمام انتظامات کو بروقت حتمی شکل دی جائے اور ہر ضلع میں عوامی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قومی پرچم کشائی، ملی نغموں، ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں سمیت تمام پروگراموں کا انعقاد بھرپور قومی جذبے کے ساتھ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جشن آزادی صرف ایک قومی تہوار نہیں بلکہ قومی اتحاد، یکجہتی، شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور وطن عزیز کی ترقی و استحکام کے عزم کی تجدید کا دن ہے انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ صوبے بھر میں تقریبات پرامن، محفوظ اور خوشگوار ماحول میں منعقد ہوں تاکہ شہری بلا خوف و خطر ان قومی تقریبات میں بھرپور انداز سے شریک ہو سکیں۔ اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطہ، مؤثر ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ بلوچستان بھر میں جشن آزادی کی تقریبات قومی وقار اور شان و شوکت کے مطابق منعقد کی جا سکیں۔
جشن آذادی کی تقریبات شایان شان طریقے سے منائیں جائینگے،سرفراز بگٹی
30













