کوئٹہ: صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری سے صوبائی مشیر سردار بابا غلام رسول عمرانی، رکن صوبائی اسمبلی ام کلثوم بلوچ اور پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری ربانی کاکڑ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران سیاسی و علاقائی امور، موجودہ صورتحال اور محکمہ بلدیات کے زیرِ انتظام جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں حکومت اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہی ہے، جبکہ قیامِ امن، عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی محکمہ بلدیات کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے تعاون اور رہنمائی سے محکمہ بلدیات صوبے کے مختلف علاقوں میں عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں اور شہری و دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے سیاسی قیادت اور منتخب نمائندوں کو اپنا کردار مزید موثر بنانا ہوگا۔
صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ زہری سے صوبائی مشیر سردار بابا غلام رسول عمرانی، رکن اسمبلی ام کلثوم بلوچ کی الگ الگ ملاقات
31











