کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید میلاد النبیﷺ کے بابرکت موقع پر پوری قوم اور بالخصوص اہل بلوچستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ آپ ﷺ کی سیرت طیبہ ہمارے لیے محبت، اخوت، برداشت، عدل، مساوات، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا کامل نمونہ ہے اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عید میلاد النبیﷺ ہمیں اس عظیم ہستی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی یاد دہانی کراتی ہے جنہوں نے انسانیت کو جہالت، ظلم اور ناانصافی کے اندھیروں سے نکال کر علم، عدل اور اخوت کی روشنی عطا کی۔ نبی کریمﷺ نے معاشرے کے کمزور طبقات، یتیموں، مسکینوں، خواتین اور ضرورت مندوں کے حقوق کے تحفظ پر خصوصی زور دیا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ ہمارے لیے ایک مکمل ضابط حیات ہے۔ آپﷺ نے عدل و انصاف، دیانت داری، امانت، مساوات اور باہمی احترام کو معاشرے کی بنیاد بنایا۔ آج ہمیں درپیش چیلنجز کا مقابلہ بھی انہی سنہری اصولوں کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنا کر کیا جاسکتا ہے
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی جمہوری ریاست ہے اور ہماری قومی شناخت اسلام کی امن، سلامتی، بھائی چارے اور انسانیت سے محبت کی تعلیمات سے جڑی ہوئی ہے۔ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنے معاشرے میں نفرت، تعصب، انتہا پسندی اور تقسیم کے بجائے اتحاد، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان مختلف اقوام، قبائل، زبانوں اور ثقافتوں کا حسین امتزاج ہے۔ یہاں بسنے والے تمام شہری ہمارے لیے برابر ہیں۔ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات ہمیں انسانوں کے درمیان برابری، بھائی چارے اور حقوق کی ادائیگی کا درس دیتی ہیں۔ صوبے میں امن، بھائی چارے اور بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کی فلاح و بہبود، امن و امان، تعلیم، صحت اور معاشی ترقی کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ ریاستی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کمزور اور محروم طبقات کی ضروریات کو ترجیح دینا بھی سیرت النبی ﷺ کی بنیادی تعلیمات میں شامل ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آج کے دن ہمیں خصوصی طور پر اپنے ان بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو مشکلات، غربت اور دیگر مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔ خوشی کے اس موقع پر مستحق افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا، ضرورت مندوں کی مدد کرنا اور معاشرے کے کمزور طبقات کا سہارا بننا ہی حقیقی معنوں میں سیرت طیبہ سے محبت کا عملی اظہار ہے۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے اجتماعات اور دیگر مذہبی تقریبات کے دوران امن و امان، مذہبی رواداری اور بھائی چارے کو برقرار رکھا جائے اور ایک دوسرے کے عقائد و جذبات کا احترام کیا جائے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد بھی کرنا چاہیے کہ ہم پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنے فرائض ایمانداری اور ذمہ داری سے ادا کریں گے۔ ایک مضبوط، پرامن اور خوشحال پاکستان ہی ہماری آنے والی نسلوں کا بہتر مستقبل یقینی بنا سکتا ہے میر سرفراز بگٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکی سیرت طیبہ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، پاکستان کو امن و استحکام اور بلوچستان کو ترقی و خوشحالی عطا کرے، ملک و قوم کو ہر قسم کی مشکلات سے محفوظ رکھے اور پوری امت مسلمہ پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے۔
نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰؐ کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان
33











