بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں 19 افسران کی میرٹ پر تعیناتی مکمل، وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے روز اول ہی بلوچستان کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ سرکاری ملازمتیں فروخت نہیں ہوں گی اور بھرتیوں میں میرٹ کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

38

بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے 19 افسران کی میرٹ پر تعیناتی کا عمل مکمل ہوگیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نو منتخب افسران میں تقرری کے لیٹرز تقسیم کیے اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے محنت، لگن، دیانت داری اور ریاست سے غیر مشروط وفاداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی صوبے کے معاشی مستقبل میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ صوبے کے وسائل کا ایک بڑا حصہ غیر ترقیاتی اخراجات کی نذر ہوجاتا ہے، جس کے باعث عام بلوچستانی کی فلاح و بہبود کے لیے محدود وسائل دستیاب رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی سے توقع ہے کہ وہ صوبے کے ریونیو میں اضافہ کرتے ہوئے کم از کم غیر ترقیاتی اخراجات کا بوجھ کم کرنے کے لیے خاطر خواہ وسائل پیدا کرے گی۔ غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی سے بچنے والے وسائل کو عوامی فلاح، تعلیم، صحت، بنیادی سہولیات اور دیگر ترقیاتی ترجیحات پر خرچ کیا جاسکے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے روز اول ہی بلوچستان کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ سرکاری ملازمتیں فروخت نہیں ہوں گی اور بھرتیوں میں میرٹ کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔ محکمہ تعلیم میں 14 ہزار 500 سے زائد اساتذہ کی بھرتیاں میرٹ پر کی گئیں اور بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں افسران کی حالیہ تعیناتی اسی پالیسی کا عملی تسلسل ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں میرٹ کی سطح کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ان کے اپنے ضلع ڈیرہ بگٹی سے بھی کوئی امیدوار کامیاب نہیں ہوسکا۔ بھرتی کے پورے عمل میں کسی بھی ایگزیکٹو آفس سے کوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا اور تقرریاں سو فیصد میرٹ پر عمل میں لائی گئیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے میرٹ کو یقینی بنانے پر صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، چیئرپرسن بلوچستان ریونیو اتھارٹی عبداللہ خان نورزئی اور پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتیاں ہی نوجوانوں کا ریاستی اداروں پر اعتماد بحال کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں انہوں نے نو منتخب افسران سے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے نوجوان افسران خلوص، محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ طے شدہ اہداف کے حصول کے لیے کام کریں۔ آئندہ مالی سال کے اہداف میں نمایاں بہتری کا حصول ان کا پہلا امتحان ہوگا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست سے غیر مشروط اخلاص ہر سرکاری افسر کا طرۂ امتیاز ہونا چاہیے۔ پاکستان ہی ہماری پہچان ہے اور فرائض کی انجام دہی میں ریاست کو ہر سطح پر مقدم رکھنا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور ریاست کے درمیان خلیج کم کرنے کے لیے ہر سطح پر میرٹ کو فروغ دینا ہوگا میرٹوکریسی کو مضبوط بنا کر ہی نوجوانوں اور ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد اور وابستگی کو مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت بلوچستان کو معاشی طور پر مستحکم اور اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے جامع اقدامات کررہی ہے۔ بلوچستان ریونیو اتھارٹی کو صوبے کا ایک مثالی، مؤثر اور فعال ادارہ بنایا جائے گا جو صوبے کے مالی استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا انہوں نے نو منتخب افسران پر زور دیا کہ وہ محنت، لگن اور ریاست سے غیر مشروط وفاداری کے عہد کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا آغاز کریں اور ادارے کی کارکردگی کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اپنا کردار ادا کریں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس امر پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ میرٹ کی بنیاد پر بلوچستان کی باصلاحیت خواتین بھی بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں افسران کے طور پر منتخب ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین سمیت صوبے کے تمام باصلاحیت نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں