کوئٹہ:ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں شاہراہوں پر مال بردار گاڑیوں،بسوں اور عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھا جا رہے ہیں،مال بردار گاڑیوں کی تفتان بارڈر سے کوئٹہ اور ملک کے دیگر صوبوں کی بحفاظت آمد و رفت کےلئے کانوائے کا سلسلہ جلد شروع کیا جا رہا ہے جبکہ قلات کے علاقے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی کےلئے فوری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان میں آل بلوچستان بزنس الائنس اینڈ ایکشن کمیٹی کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی،ایل پی جی ایسوسی ایشن کے سید عتیق آغا،گڈز ٹرک ایسوسی ایشن کے صدر حاجی محمد نور شاہوانی،مرکزی انجمن تاجران کے صدر عبد الرحیم کاکڑ،بس ایسو سی ایشن کے میر دولت لہڑی،پنجگور کے ٹرانسپورٹر حاجی اکرم،حاجی حبیب اللہ بادیزئی و دیگر نے بلوچستان کی مختلف شاہراہوں پر مال بردار گاڑیوں،ایل پی جی بوزر ودیگر کے تسلسل سے جاری واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ حکومت عوام،ٹرانسپوٹرز ودیگر کی جان مال اور گاڑیوں و بسوں کے تحفظ کےلئے خصوصی اقدامات اٹھائے
،انہوں نے کانوائے و دیگر مسائل بارے اپنی آرا پیش کی اور اس سلسلے میں مختلف تجاویز دیں اور شکایت کی کہ نہ صرف مال بردار گاڑیوں کو جلانے کا سلسلہ جاری ہے بلکہ مختلف شاہراہوں پر لوٹ مار کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے امپورٹرز و ایکسپورٹرز ،مسافر اور عوام عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں بلکہ اب تو پل گرانے جیسے واقعات بھی رونما ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب خان کاکڑ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر)مہر اللہ بادینی نے ٹرانسپورٹرز اور بزنس کمیونٹی کو یقین دلایا کہ حکومت اور انتظامیہ کو موجودہ صورتحال کا مکمل ادراک ہے اور انہوں صوبے میں قومی شاہراہوں پر عوام ،ٹرانسپورٹرز اور دیگر کے تحفظ کےلئے اقدامات کا سلسلہ شروع کر دیا ہے بلکہ بہت جلد مال بردار گاڑیوں کی آمد و رفت کےلئے کانوائے سسٹم کا آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے سیکورٹی انتظامات کےلئے پاک فوج،ایف سی ،انٹی ٹیرر ازم فورس و دیگر کی خدمات لیجا رہی ہیں اور بہت جلد ان علاقوں کو کلیئر کیا جائے گا جہاں گاڑیوں کو جلائے جانے کے واقعات رونما ہو رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کی نظر میں صوبے کی ایک دو نہیں بلکہ تمام شاہراہوں کی اہمیت ہیں جن پر عوام ،ٹرانسپورٹرز اور بزنس کمیونٹی کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کل بروز ہفتہ بس ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ الگ نشست کی بھی یقین دہانی کرائی انہوں نے پشین ایک ہی خاندان کے جاں بحق 7افراد کے معاوضے کےلئے فوری اقدامات کی بھی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ہم سب کو مل کر موجودہ صورتحال سے نکلنے کےلئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات ،کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب خان کاکڑ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی نے ٹرانسپورٹرز اور بزنس کمیونٹی کے مختلف سوالات کے جواب بھی دئیے۔
بلوچستان کی شاہراہوں پر مسافروں اور مال بردار گاڑیوں کے تحفظ کو اولین ترجیح، کانوائے سسٹم جلد شروع ہوگا،ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات
4













