لاہور کے پسماندہ اور قدیم بہت بڑے علاقہ ٹاؤن شپ میں چودھری رحمت علی ہسپتال 1984ء سے قائم ہے پہلے یہ ایک چھوٹی سی ڈسپنسری ہوتی تھی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ اس نے ایک فلاحی ادارہ کی حیثیت اختیار کر لی اور ترقی کرتے کرتے اس میں بے شمار شعبہ جات انسانیت کی خدمت کی روشن مثال بن گئے ہیں غرباء کے لئے فری صحت کی سہولیات موجود ہیں ہسپتال کی اَپ گریڈیشن اور جدید سہولیات کے منصوبوں پر کام جاری ہے عنقریب ایک میڈیکل کالج کا بھی منصوبہ زیر غور ہے ہسپتال انتظامیہ نے جاری منصوبوں اور آئندہ اہداف کو پورا کرنے کے لئے عطیات کی بھی اپیل کی ہے۔ چودھری رحمت علی ہسپتال کی اَپ گریڈیشن اور جدیدصحت کی سہولیات کی فراہمی پر کروڑوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کو بھی اس میں اپنا حصہ ضرور ڈالنا چاہئے۔ چودھری رحمت علی میموریل ٹرسٹ کی جانب سے ”فنڈ ریزنگ کمپین“ 2026ء کا باضابطہ آغاز بھی کیا گیا۔ ایک مریض کی حقیقی کہانی پر مبنی خصوصی ٹی وی اور سماجی شیئر کمرشل بھی لانچ کیا گیا۔ صدر چودھری رحمت علی میموریل ٹرسٹ ڈاکٹر سید عثمان واسطی کی محنتوں کا نتیجہ ہے کہ سال 2025 ء کے دوران چودھری رحمت علی ہسپتال میں دو لاکھ70 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا۔ حق دار اور نادار مریضوں کو 50 ملین روپے سے زائد کا مفت اور رعایتی علاج فراہم کیا گیا۔ جنرل سیکرٹری خالد محمود رسول نے بھی عوام کی توجہ کے لئے اطلاعات شیئر کی ہیں کہ چودھری رحمت علی ہسپتال ٹاؤن شپ میں جاری اَپ گریڈیشن اور ری ویمپنگ منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ ایم ایس ہسپتال ڈاکٹر خالد اعوان بھی لگن سے کام کر رہے ہیں جس کے سبب انقلابی اقدامات پر عمل ہو ریا ہے بے شمار منصوبے شروع ہو چکے ہیں منصوبوں کے تحت ایمر جنسی بلاک، کنسلٹنٹس کلینکس، آئی سی یو، وار باز اور شخصی سہولیات کو بین الاقوامی معیا ر کے مطابق جدید بنایا جا رہا ہے۔ حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ فنڈ ریز نگ 2026ء میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تا کہ بقیہ 30 فیصد تعمیراتی کام جلد مکمل کیا جا سکے۔ یہ جدید سہولیات سے لیس ایک مکمل فلاحی ہسپتال ہے،جو کئی عشروں سے عوام کی خدمت کر رہا ہے جہاں غریب افراد کا علاج ومعالجہ معیاری ہسپتالوں کی طرح کیا جاتا ہے چوہدری رحمت علی ہسپتال ٹاؤن شپ جیسے پسماندہ علاقہ کے لئے میڈیکل کی جدید سہولیات مہیا کر کے عوام کی خدمت کر رہا ہے ایسے ادارے کسی نعمت سے کم نہیں ہوتے ہیں اس کی انتظامیہ اس میں جدیدیت لانے کے لئے دن رات کوشاں ہے تاکہ غریب اور مستحق افراد کو بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے فلاحی ادارے ملک کی ترقی او خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اگر اس ادارے کی مالی سپورٹ مزید کی جائے تو علاج سے بیماریوں میں کمی آئے گی چودھری رحمت علی 16 نومبر 1897ء کو پیدا ہوئے 3فروری 1951ء کو ان کا انتقال ہوا وہ ایک مسلم قوم پرست کارکن تھے جو ریاست پاکستان کی تخلیق کے ابتدائی حامیوں میں سے تھے۔ جنوبی ایشیاء میں الگ مسلم ریاست کے لئے نام ”پاکستان“ تجویز کرنے کا سہرا انہی کے سر جاتا ہے اور انہیں عام طور پر تحریک پاکستان کے بانی کے طور پر جانا جاتا ہے۔ان کے نام سے لاہور میں ایک فلاحی ادارہ چوہدری رحمت علی ٹرسٹ ہسپتال قائم کر کے ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا ہے جن افراد نے یہ ہسپتال ان کے نام سے رکھا ان کے جذبہ اور وطن پرستی کو قوم سلام پیش کرتی ہیں اور ایسے لوگ انسانیت کی خدمت کے لئے اپنی زندگیاں وقف کر دیتے ہیں چوہدری رحمت علی میموریل ٹرسٹ (CRAMT) لاہور میں قائم ایک نجی قومی فلاحی ادارہ ہے،جو تقریباً 37 سالوں سے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خدمات انجام دے رہا ہے۔ یہ ادارہ بنیادی طور پر مستحق افراد کو مفت اور کم قیمت پر طبی سہولیات فراہم کرتا ہے، جس کا مرکزی ہسپتال ٹاؤن شپ، لاہور میں واقع ہے،جہاں ہر وقت مریضوں کا رش لگا رہتا ہے اور مستحق افراد یہاں سے صحت یاب ہوکر معاشرہ کا موثر رکن بننے کے قابل ہوتے ہیں یہ ہسپتال غریبوں کا آسرا ہے اس مہنگائی کے دور میں جدید سہولیات سے آراستہ یہ طبی مرکز کسی نعمت سے کم نہیں چوہدری رحمت علی میموریل ٹرسٹ کے ادارے صحت اور تعلیم کی کوالٹی خدمات ارزاں اور مستحق افراد کو فری مہیا کرتے ہیں۔ ٹرسٹ کے تحت 48 بیڈ ہسپتال‘ ایک بوائز ہائی سکول‘ ایک گرلز ہائی سکول‘ ایک جونیئر سکول اور ایک دینی مدرسہ قائم ہے۔اس ٹرسٹ کے زیر اہتمام تعلیمی ادارے معیاری اور کوالٹی ایجوکیشن مہیا کر رہے ہیں اور کوالٹی ایجوکیشن کو قائم رکھنے کے لئے ان تعلیمی اداروں میں پروفیشنل اساتذہ کا ہونا میرے خیال میں بہت بڑی بات ہے ٹرسٹ کے تعلیمی ادارے کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ طلبا کو کتنی محنت کرواتے اور ملک کا مفید شہری بننے میں کس حد تک اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ قومی ہیرو چوہدری رحمت علی کی یاد میں قائم میموریل ٹرسٹ کا دائرہ کار دیگر علاقوں اور شہروں میں پھیلانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ تاکہ کے خدمت کے اس عظیم مشن کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔
انسانیت کی خدمت کا عظیم مشن۔۔۔
4








