نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیر میں اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے، 90 ہزار سے زائد کشمیری شہید ہوچکے،قیادت جیل میں ہے۔
اسلام آباد میں یوم سیاہ کشمیر کی ریلی سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ آج کا دن ہم ہرسال یوم سیاہ کے طورپرمناتے ہیں تاکہ دنیا کو بھارت کے غیرقانونی اقدامات یاد دلا سکیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر غیرقانونی قبضے کے بعد وہاں اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کررہا ہے۔ 90 ہزار لوگوں کو شہید کیا جاچکا جبکہ کشمیری رہنماؤں کو پابند سلاسل کررکھا ہے۔ بعض مرتبہ نماز جمعہ کی اجازت بھی نہیں دی جاتی۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا بھی آج تک 1947ء کے بھارتی اقدام کی مذمت کررہی ہے، ہم او آئی سی تنظیم کے مسئلہ کشمیر پر اجلاس کراتے ہیں، اقوام متحدہ اجلاس کے دوران بھی او آئی سی کانٹیٹ گروپ کا اجلاس ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے 5اگست 2019کو یکطرفہ اقدام اٹھا کر معاملہ پیچیدہ کیا، بھارت عالمی مبصرین کو کشمیر میں داخلے کی اجازت نہیں دیتا، ہم ہر فورمز پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔










