بلوچستان میں ڈیجیٹل ہیلتھ کے فروغ کے لیے محکمہ صحت اور یونیورسٹی آف اوسلو کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

77

بلوچستان میں ڈیجیٹل ہیلتھ کے فروغ کے لیے محکمہ صحت اور یونیورسٹی آف اوسلو کے ایچ آئی ایس پی سینٹر کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے۔ بریفنگ کے مطابق مفاہمتی یادداشت کا مقصد بلوچستان میں ڈیجیٹل ہیلتھ نظام کو مزید مستحکم کرنا اور ڈی ایچ آئی ایس ٹو (DHIS2) کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانا ہے۔ معاہدے کے تحت پرائمری ہیلتھ کیئر کی ڈیجیٹلائزیشن، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، موسمیاتی تبدیلی اور صحت کے شعبوں میں مقامی اختراعات کو فروغ دیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اہم مفاہمتی یادداشت پر اظہار اطمینان و مسرت کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور محکمہ صحت کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف اوسلو کے ساتھ تعاون بلوچستان میں جدید ڈیجیٹل ہیلتھ نظام کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگا۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے صحت کے شعبے میں مقامی اختراعات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ بین الاقوامی علمی و تکنیکی اداروں کے تعاون سے بلوچستان کے نظامِ صحت میں جدید اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال عوام کو بہتر اور مؤثر طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹم کے ذریعے صحت سے متعلق درست اور بروقت معلومات کی دستیابی اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کو فروغ ملے گا۔ بلوچستان میں صحت کے نظام کی ڈیجیٹلائزیشن سے نگرانی، منصوبہ بندی اور عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں