سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ جناب ذوالفقار احمد کا ایف ایف سی لرننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر گوٹھ ماچھی صادق آباد کا دورہ

6

ورکرز ویلفیئر فنڈ (WWF) کے سیکرٹری جناب ذوالفقار احمد نے سی بی اے ورکرز یونین کے نمائندوں کے ہمراہ ایف ایف سی لرننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر گوٹھ ماچھی صادق آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر یونٹ منیجر جناب آصف شفیع نے معزز مہمان اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔

بعد ازاں جناب آصف شفیع نے سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ کو سینٹر کی مختلف تربیتی سرگرمیوں، جدید سہولیات اور جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ پریزنٹیشن کے دوران انہوں نے بتایا کہ ایف ایف سی لرننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر نہ صرف پاکستان بلکہ مختلف دیگر ممالک سے آنے والے افراد کو بھی اعلیٰ معیار کی فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کر رہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف ایف سی کے مختلف تربیتی پروگراموں کے تحت شرکاء کو سیفٹی، مکینیکل، الیکٹریکل، انسٹرومنٹیشن اور دیگر فنی شعبوں میں جدید صنعتی تقاضوں کے مطابق عملی اور نظریاتی تربیت دی جاتی ہے۔ تربیت مکمل کرنے کے بعد یہ افراد اپنے اپنے ممالک میں جا کر مختلف صنعتی اداروں میں خدمات انجام دیتے ہیں، جس سے نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ انہیں روزگار کے بہتر مواقع بھی حاصل ہوتے ہیں۔

اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ سینٹر مقامی نوجوانوں کو جدید اور معیاری تکنیکی تربیت فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ تربیت مکمل کرنے کے بعد متعدد نوجوان مختلف صنعتی اداروں اور فیکٹریوں میں سپروائزر، انجینیئر اور دیگر اہم تکنیکی عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں، جو سینٹر کی کامیاب تربیتی حکمتِ عملی کا عملی ثبوت ہے۔ اس طرح ایف ایف سی لرننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر ملک میں ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اور نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

دورے کے دوران سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ نے سینٹر کے مختلف تربیتی یونٹس، ورکشاپس، لیبارٹریز اور عملی تربیتی سہولیات کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ انہیں جدید مشینری، تربیتی طریقہ کار اور شرکاء کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ جناب ذوالفقار احمد نے ایف ایف سی لرننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کی جدید سہولیات، اعلیٰ معیار کی تربیت اور ادارے کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انتظامیہ اور تربیتی عملے کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے تربیتی مراکز ملک میں ہنر مند افرادی قوت کی تیاری، نوجوانوں کی فنی صلاحیتوں کے فروغ اور صنعتی ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایف ایف سی مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ قومی ترقی اور افرادی قوت کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں