خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں کبل پولیس اسٹیشن کے قریب خودکش دھماکا ہوا ہے۔ دھماکے میں 14 افراد شہید جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے۔
آرپی اوملاکنڈ ڈویژن سید فدا حسن شاہ کا کہنا ہے کہ دھماکے سے 14 افراد شہید ہوگئے، شہید ہونے والوں میں 5 پولیس اہلکار اور 9 شہری شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب کبل چوک میں امن کے لئے مظاہرہ کیا جارہا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق کبل پولیس اسٹیشن کے مین گیٹ پر ہونے والا دھماکا خودکش حملہ تھا، خودکش حملہ آورپولیس کمپاؤنڈ میں داخل ہونےکی کوشش کررہا تھا۔
آرپی اوملاکنڈ کا کہنا ہے کہ پولیس جوانوں نےخودکش حملہ آورکوپولیس کمپاؤنڈ میں داخل ہونے سے روک دیا، پولیس کمپاؤنڈ میں کبل پولیس اسٹیشن، سی ٹی ڈی تھانہ، پولیس لائن کبل اور سہولت مرکز قائم ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس، بم ڈسپوزل یونٹ، ریسکیو اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ بہادر پولیس جوانوں نے جان دے کر خودکش بمبار کو تھانے میں جانے سے روکا، جان دے کر دوسروں کی زندگیاں بچانے والوں نے فرض شناسی کی مثال قائم کی۔ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام،زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہوں۔













