بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے چیف منسٹر ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت ٹیکنیکل و ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ پروگرام کا آغاز ،فنی و ڈیجیٹل مہارتیں نوجوانوں کی معاشی خودمختاری کا ذریعہ بنیں گی، سرفراز بگٹی

42

بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے چیف منسٹر ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت ٹیکنیکل و ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ پروگرام کا آغاز ہوگیا ہے۔ پہلے مرحلے میں بلوچستان کے تمام اضلاع سے 500 نوجوانوں کو تین ماہ کی تربیت فراہم کی جائے گی، جبکہ چیف منسٹر ایمپلائمنٹ پروگرام کا مجموعی ہدف ایک ہزار نوجوانوں کو جدید فنی و ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت فراہم کرنا ہے۔ پہلے بیچ میں 400 مرد اور 100 خواتین امیدوار شامل ہیں۔

تربیتی پروگرام میں سیلز اینڈ مارکیٹنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈیویلپمنٹ اور سائبر سیکیورٹی کے کورسز شامل ہیں۔ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار، کاروبار اور فری لانسنگ کے مواقع کے لیے تیار کیا جارہا ہے۔ تربیت مکمل کرنے والے نوجوان سافٹ ویئر ہاؤسز، آئی ٹی اور آن لائن مارکیٹنگ کمپنیوں میں روزگار حاصل کرسکیں گے، جبکہ سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں آئی ٹی سیکیورٹی، ڈیٹا مینجمنٹ، میڈیا اور پبلک ریلیشنز کے شعبوں میں بھی مواقع میسر آئیں گے۔ اس کے علاوہ تربیت یافتہ نوجوان ذاتی آن لائن کاروبار، ڈیجیٹل ایجنسیز اور فری لانسنگ کے ذریعے معاشی مواقع حاصل کرسکیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پروگرام کے آغاز پر اظہار اطمینان و مسرت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید فنی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تربیت نوجوانوں کے لیے روزگار اور معاشی خودمختاری کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو ہنرمند بنانے اور انہیں باعزت روزگار سے جوڑنے کے لیے عملی اقدامات کا تسلسل جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں