زراعت معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،صادق عمرانی

36

تمبو:صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی سے سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد ڈویڑن مدثر ظفر کھوسہ نے ملاقات کی، اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویڑنل صدر و چیئرمین مارکیٹ کمیٹی نصیرآباد میر بلال صادق عمرانی اور سب ڈویڑنل آفیسر امان اللہ گاجانی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن مدثر ظفر کھوسہ نے صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی کو محکمہ ایریگیشن کی جانب سے کاشتکاروں کے وسیع تر مفاد میں اٹھائے جانے والے اقدامات، نصیرآباد ڈویڑن میں زرعی پانی کی منصفانہ و شفاف تقسیم، نہروں میں پانی کی روانی، آبپاشی نظام کی بہتری اور نہری نظام کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
مدثر ظفر کھوسہ نے بتایا کہ محکمہ ایریگیشن کی ٹیمیں نہری پانی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ کاشتکاروں کو مقررہ شیڈول کے مطابق پانی کی فراہمی یقینی بنانے، پانی کے ضیاع کی روک تھام، نہروں کی صفائی و مرمت اور پانی چوری کے سدباب کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، تاکہ ٹیل کے کاشتکاروں تک بھی ان کے حصے کا پانی پہنچایا جاسکے۔ ایس ای مدثر ظفر کھوسہ نے صوبائی وزیر کو نصیرآباد ڈویڑن کے مختلف نہری علاقوں میں پانی کی طلب و رسد، موجودہ آبپاشی صورتحال، نہری انفراسٹرکچر کو درپیش مشکلات اور ان کے مستقل حل کے لیے محکمہ کی جانب سے مرتب کردہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ زراعت بلوچستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، کاشتکاروں کو زرعی پانی کی بروقت اور منصفانہ فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، نہری پانی کی تقسیم میں کسی قسم کی ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی اور ٹیل کے علاقوں تک پانی کی رسائی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے محکمہ ایریگیشن کے افسران کو ہدایت کی کہ نہری نظام کی مسلسل نگرانی، پانی کی منصفانہ تقسیم اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے فوری ازالے کے لیے فیلڈ میں مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں، تاکہ زرعی شعبے کو درپیش مشکلات کم کرکے کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں