پشین،سرانان پولیس تھانے پر مسلح افراد کا حملہ، دھماکہ خیز موادسے اڑا کر اسلحہ اور گاڑی ساتھ لے گئے

27

پشین: بلو چستان کے ضلع پشین کے علاقے سرانان بازار میں مسلح افراد نے پولیس تھانے کو بارودی مواد سے نشانہ بنا کر شدید نقصان پہنچایا، جبکہ حملہ آور پولیس اہلکاروں کا اسلحہ اور سرکاری گاڑی اپنے ساتھ لے کر فرار ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق جمعرات کے روز مسلح افراد نے سرانان بازار میں واقع پولیس تھانے کا گھیراؤ کیا اور تھانے میں بارودی مواد نصب کرنے کے بعد اسے دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے کے نتیجے میں پولیس تھانے کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔واقعے کے بعد مسلح افراد پولیس تھانے سے اسلحہ اور ایک سرکاری گاڑی لے کر فرار ہوگئے عینی شاہدین کے مطا بق حملہ آروں کے پا س بلو چ کالعدم تنظیم کے جھنڈے تھے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح افراد مین کوئٹہ چمن شاہراہ پر واقع پولیس تھانہ سرانان کو نقصان پہنچانے کے بعد وہاں سے روانہ ہو رہے ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے واقعے کی تحقیقات اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔حکام کی جانب سے تاحال حملے میں جانی نقصان، حملہ آوروں کی تعداد اور واقعے کے دیگر محرکات کے حوالے سے حتمی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔ مزید معلومات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں