میر حاصل خان بزنجو کے افکار اور ان کی رواداری والی سیاست کو اپنانا ہوگا، کلثوم نیاز بلوچ

22

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کی صوبائی خواتین سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ نے میر حاصل خان بزنجو کی برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر حاصل بزنجو بلوچستان کی سیاست میں جمہوریت، آئینی حقوق کے حقیقی ترجمان تھے۔اپنے بیان میں کلثوم نیاز بلوچ نے کہا کہ میر حاصل خان بزنجو نے اپنی سیاسی زندگی کا ہر لمحہ بلوچستان کے محروم عوام کی خدمت، تعلیم اور سیاسی شعور کی بیداری کے لیے وقف کیا۔ انہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی پرامن سیاست اور مکالمے پر یقین کا دامن نہیں چھوڑا۔انہوں نے کہا کہ میر حاصل بزنجو نیشنل پارٹی کے ان چند رہنماوں میں شامل تھے
جنہوں نے خواتین کو سیاست کے مرکزی دھارے میں لانے کے لیے عملی اقدامات کیے۔ انہی کی سوچ اور تربیت کا نتیجہ ہے کہ آج نیشنل پارٹی کی خواتین اسمبلیوں سے لے کر سڑکوں تک عوامی مسائل پر آواز بلند کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میر حاصل خان نے نیشنل پارٹی کو ایک نظریاتی جماعت کے طور پر منظم کیا۔ ان کی قیادت میں پارٹی نے 18ویں آئینی ترمیم، این ایف سی ایوارڈ اور صوبائی خودمختاری کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ آج بلوچستان جن معاشی، تعلیمی اور سیاسی چیلنجز سے گزر رہا ہے ان کے حل کے لیے میر حاصل خان بزنجو کے افکار اور ان کی رواداری والی سیاست کو اپنانا ہوگا۔ نفرت اور تقسیم کی سیاست کے مقابلے میں ان کا پیغام بھائی چارے اور اتحاد کا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں