تعلیم اور انفراسٹرکچر بلوچستان کی ترقی کی بنیاد ہیں، جعفر مندوخیل

31

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان فرق کو ختم کرنے کیلئے ہمیں ایک ایسی جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے جو شہریوں کو تمام بنیادی سہولیات و مواقعوں تک یکساں رسائی فراہم کر سکے۔ واضح وژن اور دانشمندانہ منصوبہ بندی کے بغیر دیہاتوں اور بڑے شہروں کے درمیان فاصلے بڑھتے جائیں گے اور مساوی ترقی کا خواب ادھورا رہ جائیگا۔ اس سلسلے میں تمام پالیسی میکرز اور عوام کے منتخب نمائندوں کا کردار بہت اہم ہے۔ ہم ان پائے جاتے والے فاصلوں کو مٹانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہا¶س کوئٹہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یہ بات حقیقت ہے کہ تعلیم قسم کی ترقی کی بنیاد ہے۔
تعلیم صرف ذاتی فائدہ نہیں ہے بلکہ ایک اجتماعی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ انفراسٹرکچر کسی بھی متوازن ترقیاتی منصوبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ قومی شاہراہیں تعمیر کر کے ہم دیہی علاقوں کے عوام کو بڑی معاشی و تجارتی منڈیوں سے جوڑ سکتے ہیں۔ یہ کسانوں اور تاجروں کو نئے مواقع تک رسائی، لاگت کو کم کرنے اور ہمارے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے قابل بنائیگا۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ مساوی ترقی صرف ایک خواب نہیں ہے بلکہ یہ ایک معاشی اور سماجی ضرورت ہے۔ جب ہم دیہی علاقوں کو اٹھاتے ہیں تو پورے صوبے کو اٹھاتے ہیں۔ جب ہم تعلیم میں سرمایہ کاری کرتے ہیں تو ہم ترقی کی نئی راہیں کھولتے ہیں، ہم مل کر آگے بڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ بلوچستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہمیں مفاد خلق کو تمام پالیسیوں اور منصوبوں کا محور و مرکز بنانا ہوگا اور اسی میں یہ ہمارے مشترکہ اور کامیاب مستقبل کی کلید ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں