دور دراز علاقوں میں گورننس بہتر بنا کر عوامی مسائل مقامی سطح پر حل کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

33

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اپنے آبائی علاقے شمالی ڈیرہ بگٹی پہنچ گئے جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین اور اپنے حلقے کے عوام سے ملاقاتیں کیں، روایتی بلوچی حال احوال کیا اور علاقائی صورتحال سمیت مختلف عوامی مسائل دریافت کیے۔ وزیراعلیٰ عوام میں گھل مل گئے اور مختلف محکموں سے متعلق عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بیشتر مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کا مقامی سطح پر فوری حل عوام کو صوبائی دارالحکومت آنے کی مشکلات سے بچا سکتا ہے، اسی مقصد کے لیے بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں گورننس کو بہتر بنا کر عوامی مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کا مؤثر طریقہ کار مرتب کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں سینکڑوں بند اسکول کھول کر انہیں عملی طور پر فعال کر دیا گیا ہے، کیونکہ تعلیم ہی ملک، قوم اور خاندانوں کی ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں صوبے میں امن کی ضامن ہیں، جبکہ دہشت گرد نہتے لوگوں کو نشانہ بنا کر انسانیت سے عاری ہو چکے ہیں۔ صوبے میں امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کی خوشیوں میں اپنے عظیم شہداء کو نہیں بھولے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

اس موقع پر قبائلی عمائدین نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں پہلی بار بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کا آغاز موجودہ حکومت کا اعزاز ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں