لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بجلی کی طرح پیٹرول کی قیمتیں کم کرائیں گے۔ اپنا حق لینے کے لیے عوام کو نکلنا ہوگا۔
پارٹی رہنماؤں کے ساتھ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں حکومتی طبقہ اپنی نااہلیوں کا بوجھ عوام پر ڈال رہا ہے۔ حکومت کے مختلف شعبوں میں 1100 ارب کی کرپشن ہورہی ہے۔ صنعتوں کا بیڑا غرق ہے۔ عام آدمی پر لیوی، فیول ایڈجسٹمنٹ سمیت دیگر ٹیکسز اور ڈیوٹیز لگائی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے سے بھی ٹیکس لیا جارہا ہے۔ مگر ایک مخصوص طبقے کو 17 ارب ڈالر کی سالانہ مراعات دی جارہی ہیں۔ ان میں وہ بھی شامل ہیں جن کو سرکاری مراعات دی جارہی ہیں جبکہ آئی پی پیز بھی انہی میں شامل ہیں ۔ آئی پی پیز سے حکومت ٹیکس کی نہیں لے سکتی۔ عام آدمی کو دبایا جارہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ڈیزل اور پیٹرول مہنگا ہونے کا اثر ہر عام ضرورت کی اشیا پر ہوتا ہے۔ اگر آئین کے مطابق تعلیم و دیگر سہولتیں مل رہی ہوتیں تو بھی ٹھیک تھا، مگر عوام کو نہ صحت نہ تعلیم کی سہولتیں دی جارہی ہیں۔ تمام صوبے امن مانگ رہے ہیں مگر امن نہیں ہے۔ سرمایہ دار طبقہ، جاگیردار اوروڈیرے قابض ہیں۔ نام نہاد سیاستدانوں کا بھی قبضہ ہے۔
اگر عام آدمی کو نہیں پتا ہوگا کہ کس کو کتنی مراعات دی جارہی ہیں تو یہ مزید ڈاکا مارتے رہیں گے۔ ملک میں عام لوگوں کو روزگار نہ ہونے کی وجہ سے باہر جانے کے لیے جان خطرے میں ڈالی جاتی ہے۔ عوام میں مایوسی پیدا ہوتی ہے۔ اگر بے جا ٹیکسز کے خلاف اگر کوئی آواز نہیں ہوگی تو مایوسی بڑھے گی ۔












