کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو تاریخی پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔جمعہ کو جاری بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنائے گا اور تینوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو نئی جہت فراہم کرے گا۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی تعاون مسلم امہ کے اجتماعی مفادات کے تحفظ، علاقائی سلامتی اور مشترکہ استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔ ان کے بقول مکہ معاہدہ تینوں ممالک کے محفوظ، مستحکم اور خوشحال مستقبل کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس اہم دفاعی معاہدے کو ممکن بنانے میں وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کا کردار قابل تحسین ہے، جبکہ مکہ مکرمہ میں ہونے والا یہ تاریخی معاہدہ خطے میں مشترکہ سلامتی کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔میر سرفراز بگٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس تاریخی معاہدے کو پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور پوری مسلم امہ کے لیے خیر و برکت اور امن و استحکام کا ذریعہ بنائے۔
پاکستان، سعودی اور ترکیہ کے درمیان معاہدہ خطے میں امن اہم سنگ میل ثابت ہوگا،وزیراعلیٰ بلوچستان
2














