چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ انصاف کی حکمرانی وقت کی اہم ضرورت ہے، عدالتی نظام میں اصلاحات اور ضلعی سطح پر عوام کو فوری انصاف کی فراہمی ضروری ہے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے تقریب سےخطاب میں کہا کہ تمام ادارے احسن انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں،ضلعی عدالتی نظام انصاف کی فراہمی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نےکہاکہ ضلعی عدالتوں اورہائیکورٹس کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مضبوط کرنا ہوگا،ضلعی عدالتیں انصاف کی فراہمی کے لیے درکار ضروریات کی فہرست بھجوائیں۔
چیف جسٹس کاکہنا تھا کہ ضلعی عدلیہ نے 4 بنیادی ضروریات بجلی، انٹرنیٹ، خواتین کے لیے واش رومز اورصاف پانی کی سہولیات کی نشاندہی کی جس پر اسے یہ تمام سہولیات فراہم کی گئیں۔ اگلے سال کے لیےہماری توجہ خواتین کی سہولیات کو مزید وسعت دینے پر ہو گی۔ ہم خواتین سہولت مراکز قائم کریں گے جہاں خواتین اور بچوں کو ایک ہی چھت تلے محفوظ جگہ اور متعلقہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نےیقین دہانی کرائی کہ ملک بھرمیں جامع نظامِ انصاف کےلیےدرکار ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔










