راولپنڈی /اسلام باد /کوئٹہ:بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 21 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا،فائرنگ کے تبادلے میں 6 بہادر سپوت شہید ہوگئے جبکہ صدر مملکت آصف علی زر داری، وزیر اعظم شہبازشریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے چاغی اور پشین میں 21 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب چاغی کے علاقے نوکچہ اور ضلع پشین زیارت کراس میں کاروائیاں کی گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 پر مسافروں کی آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی، دہشتگردوں نے بھتہ خوری کے لیے غیرقانونی چیک پوسٹ قائم کرنے کی کوشش کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11دہشتگردوں کو ہلاک کردیا،دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب دہشتگردوں نے کسٹمز ہاس پر قبضہ کیلئے حملہ کیا جس کا سیکیورٹی فورسز نے موثر جواب دیا
اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فرار دہشتگردوں کو بھی سیکیورٹی فورسز نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں مزید دہشتگرد ہلاک و زخمی ہوئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران اور کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے ایک سرکاری اہلکار سمیت 6 بہادر سپوت شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشتگردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا مظہر تھا۔ حملے کا مقصد کسٹمز حکام کو اپنے قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا تھا۔ حملے کا مقصد علاقے میں جاری مجرمانہ سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں سہولت فراہم کرنا تھا۔اپنے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے علاقوں چاغی اور پشین میں 21 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کسٹمز ہاؤس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے اور کوئٹہ-تفتان ہائی وے پر دہشت گردوں کی جانب سے غیر قانونی چیک پوسٹ قائم کرکے مسافروں کی نقل و حرکت متاثر کرنے کی کوششیں ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔صدر مملکت نے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔صدر مملکت نے دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے دوران دو افسران اور کسٹمز کے ایک اہلکار سمیت چھ بہادر جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ شہدا نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن عزیز کے دفاع کی عظیم مثال قائم کی۔اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں نوکچہ، چاغی، زیارت کراس اور پشین میں مختلف آپریشنز میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 21 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کسٹمز ہاؤس پر دہشت گرد حملے میں کسٹمز کے 2 افسران اور ایک اہلکار سمیت 6 بہادر جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے اور کہا کہ شہدا کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں آپریشن رد الفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوکچہ (چاغی) اور زیارت کراس (پشین)میں 21 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کرنے والے کسٹمز افسران سمیت وطن کے 6 بہادر سپوتوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر کسٹم ہاؤس پر حملہ ناکام بنایا۔محسن نقوی نے کہاکہ شہدا کی یہ عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے پختہ عزم کا واضح ثبوت ہیں، سکیورٹی فورسز بلوچستان میں قیام امن کے لیے مکمل پرعزم ہیں اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے والے فورسز کے بہادر جوانوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے اور پوری قوم اس ناسور کے خاتمے کے لیے اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
بلوچستان میں فورسز کی کارروائیاں 21دہشتگرد ہلاک،دو افسروں سمیت 6جوان شہید، آئی ایس پی آر
33











