بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 10کارندوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ متعدد زخمی ہوئے ، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر خضدار کے علاقے شور پرود کے پہاڑی سلسلے میں کارروائی کی، جس دوران فتنۃ الہندوستان کے دہشت گرد تین چھوٹی ٹولیوں کی صورت میں علاقے موجود تھے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شدید جھڑپ میں 10دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ دہشت گرد عناصر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
کوئٹہ:وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خضدار اور قلات کے بارڈر ایریا شور پرود کے پہاڑی سلسلے میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف بروقت اور مثر کارروائی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے وزیراعلی نے کہا کہ شور پرود کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی قابلِ تحسین ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے
کہ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف ریاست پوری قوت اور عزم کے ساتھ کارروائی کی صلاحیت رکھتی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔وزیراعلی نے کہا کہ آپریشن کے بعد سرچ اینڈ کلیئرنس کارروائیوں کا تسلسل خوش آئند ہے، فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب جاری رکھا جائے اور انہیں قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ بلوچستان کے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا وزیراعلی بلوچستان نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گرد عناصر کے خلاف جنگ میں کامیابی عوام، حکومت اور سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ عزم سے یقینی بنائی جائے گی۔












