جشن آزادی پر لاپتہ افراد کے خاندانوں کو بھی خوشیاں منانے کا موقع دیا جائے، مولانا ہدایت الرحمان بلوچ

33

کوئٹہ:امیرجماعت اسلامی بلوچستان،قائدحق دو تحریک و ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے جشنِ آزادی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج گوادر،بلوچستان سمیت ملک بھر میں جشنِ آزادی منایا جا رہا ہیلیکن اس خوشی کے موقع پر ایسے بھی کئی خاندان ہیں جو اپنے پیاروں کی جدائی کے باعث سوگوار اور غمزدہ ہیں۔ان خاندانوں کے بے گناہ، لاتعلق لوگ لاپتہ ہیں اور ان کے پیارے آج بھی اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان، حکومتِ بلوچستان اور سیکیورٹی اداروں کے تمام سربراہان و افسران سے دلی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان سوگوار خاندانوں کو بھی جشنِ آزادی کی خوشیاں منانے کا موقع دیا جائے، اور یہ موقع انہیں اس وقت ہی مل سکتا ہے جب ان کے لاپتہ بچوں کو بحفاظت بازیاب کرکے ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پورے بلوچستان کے بچے میرے بچے ہیں، تاہم چونکہ وہ ضلع گوادر کے منتخب نمائندے ہیں، اس لیے گوادر کے عوام اور بالخصوص ضلع کے لاپتہ افراد کے خاندانوں کی ذمہ داری ان پر بھی عائد ہوتی ہے۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے مطالبہ کیا کہ ضلع گوادر کے تمام لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ان کے خاندان بھی اپنے پیاروں کی واپسی کے ساتھ حقیقی معنوں میں جشنِ آزادی کی خوشیاں منا سکیں۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی خوشی اسی وقت مکمل ہوگی جب ہر خاندان اپنے پیاروں کے ساتھ محفوظ اور پرامن زندگی گزار سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں