خضدار میں سیکیورٹی خدشات، تمام کمرشل مراکز رات 8 بجے سے صبح 10 بجے تک بند رکھنے کا حکم

37

خضدار:ضلع خضدار میں سیکیورٹی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ خضدار نے تمام کمرشل مراکز کی بندش کے نئے اوقات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر خضدار کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق عوام کی جان و مال اور تاجر برادری کے تحفظ کیلئے عارضی احتیاطی اقدام اٹھایا گیا ہے۔ نئے حکم کے تحت ضلع خضدار کے تمام بازار، دکانیں، ہوٹل اور دیگر تجارتی ادارے روزانہ رات 8بجے سے صبح 10بجے تک بند رہیں گے۔ یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہے اور اگلے احکامات تک برقرار رہے گا۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ فارمیسی، میڈیکل اسٹورز اور نجی ہسپتالوں سمیت تمام صحت کی سہولیات کو ان کی ضروری نوعیت کے باعث اس پابندی سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ خضدار نے اسسٹنٹ کمشنرز، مجسٹریٹس، پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اس حکم پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اس موقع پر تاجر برادری اور عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ ممکنہ سیکیورٹی خطرات کو کم کیا جا سکے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی اس حکم میں ردوبدل کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں