اسلام آباد :سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پارلیمنٹ ہاس میں ڈیجیٹل بلوچستان اے آئی لانچ پیڈ بوٹ کیمپ میں شریک طلبہ نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر سپیکر نے طلبا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے طلبہ کو قومی اسمبلی میں انٹرن شپ کے مزید مواقع ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے، قومی اسمبلی میں 21 جامعات کے طلبہ کے لئے انٹرن شپ اور تربیتی پروگرام جاری ہیں، بلوچستان پاکستان کا انتہائی اہم صوبہ ہے، ریکوڈک صوبے کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، بلوچستان میری ترجیحات میں پہلے نمبر پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لئے تعلیم، مطالعہ اور مسلسل سیکھنے کا عمل ناگزیر ہے، آئینِ پاکستان اور قواعد و ضوابط کا مطالعہ پارلیمانی امور کی بہتر سمجھ پیدا کرتا ہے، قومی اسمبلی میں ملازمتوں کے لئے تمام صوبوں کا کوٹہ مقرر ہے، خصوصی طور پر اہل افراد اور خواتین کو قومی اسمبلی میں زیادہ مواقع فراہم کئے گئے ہیں،
ملازمتوں میں خواتین کی نمائندگی 30 فیصد تک بڑھانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مساوی مواقع فراہم کرنا قومی ترقی کے لئے ناگزیر ہے، قومی اسمبلی میں ملک کا پہلا اے آئی فعال پارلیمانی نظام متعارف کرایا گیا ہے، قومی اسمبلی کے پارلیمانی امور کو مصنوعی ذہانت اور جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے ایجنڈا، بلز، رپورٹس اور پارلیمانی دستاویزات کی الیکٹرانک فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، ڈیجیٹل ٹیبلٹس کے استعمال سے قومی اسمبلی کاغذ کے استعمال سے پاک پارلیمانی نظام کی جانب گامزن ہے۔ سپیکر نے کہا کہ اے آئی پارلیمانی تحقیق، قانون سازی اور انتظامی امور کی کارکردگی بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو رہی ہے، مصنوعی ذہانت انسانی ذہانت کا متبادل نہیں بلکہ اس کی معاون ٹیکنالوجی ہے، قومی اسمبلی میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ادارہ جاتی استعداد اور اراکین کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لئے کیا جا رہا ہے۔ طلبہ نے قومی اسمبلی میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات کو سراہا۔ سپیکر نے کہا کہ بلوچستان کے طلبہ کے مسائل کے حل کے لئے متعلقہ حکام سے بات کی جائے گی، ڈیجیٹل بلوچستان اے آئی لانچ پیڈ بوٹ کیمپ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا اہم اقدام ہے، حکومتِ بلوچستان، ٹیک ویلی پاکستان، وزارت بین الصوبائی رابطہ، وزارتِ وفاقی تعلیم اور USEFP کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
بلوچستان کے طلبہ کو قومی اسمبلی میں انٹرن شپ کے مزید مواقع ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق
44














