سینئر سٹیزن کو قانون و روایات میں اہم مقام حاصل ہے،گورنر بلوچستان

35

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی پہچان یہ ہے کہ وہ اپنے بزرگوں کو بوجھ نہیں بلکہ اپنی سب سے قیمتی اثاثہ اور فکری رہنمائی کا سرچشمہ سمجھے۔ سینئر سٹیزنز کو ہمارے قانون اور قومی اقدار و روایات میں نہایت قابلِ احترام مقام حاصل ہے۔ بزرگ شہری ہمارے معاشرے کی اجتماعی دانش، تجربے اور تاریخ کے امین ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی قوم کی خدمت اور نئی نسل کی تربیت میں صرف کی ہیں۔ ان خیالات کا انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں سابقہ سینیٹر روشن خورشید بروچہ کی قیادت میں سینئر سٹیزن پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہماری بھرپور خواہش اور کوشش ہے کہ سینئر سٹیزن ریٹائرمنٹ کے بعد کسی قسم کے مالی عدم تحفظ، صحت کے مسائل یا معاشرتی عدم توجہی کا شکار نہ ہوں۔ انکے وقار، معیاری طبی سہولیات، سماجی تحفظ اور بنیادی خدمات تک مساوی رسائی کو یقینی بنانا حکومت، معاشرے اور ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔
گورنر مندوخیل نے کہا کہ رعایتی نرخوں پر ادویات کی فراہمی، سفری سہولیات میں خصوصی رعایتیں، عمر دوست عوامی مقامات اور دیگر ضروری سہولتوں کی فراہمی بزرگ شہریوں کے بنیادی حقوق میں شامل ہیں۔ اسی طرح خاندانی سطح پر بھی ان کی عزت، محبت، خدمت اور بھرپور توجہ ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نئی نسل اپنے بزرگوں کے علم، بصیرت اور تجربات سے استفادہ کر سکتی ہے۔ تعلیمی اداروں کی سطح پر رہنمائی کے پروگرام، کمیونٹی کونسلز اور غیررسمی نشستوں کے ذریعے انکے قیمتی تجربات اور زندگی بھر کی دانش آئندہ نسلوں تک منتقل کی جا سکتی ہے۔ گورنر جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ایک ایسے متوازن معاشرہ کی تشکیل بہت ضروری ہے جہاں ہر سینئر سٹیزن خود کو محفوظ، باوقار، بااختیار اور معاشرے کا فعال و محترم فرد محسوس کرے۔ وفد نے گورنر بلوچستان کو اپنے درپیش تمام مسائل و مشکلات سے کیا جس پر گورنر بلوچستان اپنے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں