نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے انٹرا پارٹی انتخابات مکمل، حاجی عطا محمد بنگلزئی ضلعی صدر منتخب

32

کوئٹہ : نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے انٹرا پارٹی انتخابات جمہوری اور آئینی روایات کے مطابق پریس کلب کوئٹہ میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئے۔ انتخابات میں نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل میر کبیر محمد شہی، مرکزی نائب صدر سردار کمال خان بنگلزئی، صوبائی صدر چیئرمین اسلم بلوچ اور صوبائی جنرل سیکریٹری چنگیز حئی بلوچ نے شرکت اور نگرانی کی۔واضح رہے کہ نیشنل پارٹی اپنی جمہوری روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ہمیشہ اپنے انٹرا پارٹی انتخابات ایک غیر جانبدار تھرڈ پارٹی کے ذریعے منعقد کراتی ہے۔ اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ضلع کوئٹہ کے انتخابات بھی پریس کلب کوئٹہ کے سینئر صحافیوں پر مشتمل آزاد الیکشن کمیٹی کی نگرانی میں منعقد ہوئے۔ الیکشن کمیٹی کے چیئرمین سینئر صحافی محمد یعقوب شاہوانی جبکہ ممبران کفایت علی اور ذاکر علی تھے۔ پولنگ کا عمل صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک نہایت پرامن، شفاف اور خوشگوار ماحول میں جاری رہا، جس میں ضلع کوئٹہ کے کونسلران نے بھرپور انداز میں اپنا جمہوری حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیٹی کے چیئرمین محمد یعقوب شاہوانی نے نو منتخب ضلعی کابینہ کا باضابطہ اعلان کیا۔ انتخابی نتائج کے مطابق حاجی عطا محمد بنگلزئی ضلعی صدر، محمد عارف دہوار سینئر نائب صدر، میر نصیب اللہ بنگلزئی جونئیر نائب صدر، حاجی عبدالصمد بلوچ جنرل سیکریٹری، ملک عبدالرحمن بلوچ ڈپٹی جنرل سیکریٹری، حمید اللہ لیبر سیکریٹری، عیوض علی کشتمند ہزارہ رابطہ سیکریٹری، عنایت اللہ بزدار یوتھ اینڈ سپورٹس سیکریٹری، آصف جان مسیح فنانس سیکریٹری، فریدہ بلوچ خواتین سیکریٹری، آغا عمر بلوچ انفارمیشن سیکریٹری اور سعید سمالانی سوشل میڈیا سیکریٹری منتخب ہوئے۔
اس موقع پر نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر چیئرمین اسلم بلوچ نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں، جب ملک بالخصوص بلوچستان سیاسی بے یقینی، بدامنی، خوف و ہراس اور جمہوری اقدار کو درپیش چیلنجز سے دوچار ہے، نیشنل پارٹی آئینی، سیاسی اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے عوام کے حقوق کے تحفظ اور بلوچستان کے روشن مستقبل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی اصل طاقت اس کی تنظیم، کارکن اور جمہوری مزاج ہے، جسے مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کوئٹہ نیشنل پارٹی کی سیاست کا اہم مرکز ہے، اس لیے یہاں کی تنظیم کو مزید فعال، منظم اور مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب ضلعی کابینہ یونٹ سازی پر خصوصی توجہ دے گی، نئے کارکنوں کو پارٹی میں منظم کرے گی اور دارالحکومت کوئٹہ میں نیشنل پارٹی کو ایک مضبوط، مثر اور متحرک سیاسی قوت کے طور پر مزید مستحکم کرے گی۔نو منتخب ضلعی صدر حاجی عطا محمد بنگلزئی اور جنرل سیکریٹری حاجی عبدالصمد بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے ضلع کوئٹہ کے تمام کونسلران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کونسل نے جس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یہ ذمہ داری سونپی ہے، وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کے لیے اپنی پوری ٹیم کے ساتھ دن رات محنت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تنظیمی فعالیت، یونٹ سازی، کارکنوں کی سیاسی تربیت اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدوجہد کی جائے گی تاکہ کوئٹہ میں نیشنل پارٹی کو مزید منظم، مضبوط اور عوام کی حقیقی نمائندہ سیاسی قوت بنایا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر مرکزی و صوبائی قیادت نے نو منتخب کابینہ کے لیے نیک تمناں کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی قیادت پارٹی کے آئین، منشور اور جمہوری روایات کے مطابق تنظیم کو مزید فعال بناتے ہوئے عوامی خدمت، سیاسی شعور اور جمہوری جدوجہد کو مزید مثر انداز میں آگے بڑھائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں