ماں کا دودھ بچے کی بہترین غذا اور صحت مند مستقبل کی بنیاد ہے،گورنر بلوچستان

33

کراچی۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے عالمی ہفتہ برائے بریسٹ فیڈنگ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماں کا دودھ بچے اور ماں دونوں کی صحت کیلئے نہایت مفید ہے اور یہ بچے کو زندگی کے آغاز ہی سے صحتمند بنیاد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں کا دودھ پلانا ہمارے بچوں کی صحت، نشوونما اور روشن مستقبل میں ایک اہم سرمایہ کاری ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں کی صحت اور بقاء کو یقینی بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ماں کا دودھ پلانے کو بچے کا بنیادی حق اور ماں کی اہم ذمہ داری قرار دیتا ہے۔
گورنر جعفرخان مندوخیل نے عالمی ہفتہ برائے بریسٹ فیڈنگ کے موقع پر شعور و آگہی مہم کے انعقاد پر یونیسیف اور دیگر شراکت دار اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے معاشرے میں شعور اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ طبی ماہرین بچے کی پیدائش کے فوراً بعد غیرضروری فارمولا دودھ کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں کیونکہ ماں کا دودھ ہی بچے کیلئے بہترین غذا ہے جو اسکی قوت مدافعت کو مضبوط بناتا ہے۔گورنر بلوچستان نے ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ ماں کا دودھ پلانے کے فوائد کے حوالے سے اجتماعی شعور بیدار کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں تاکہ ایک صحتمند اور توانا معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں