اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی نیشنل پریس کلب آمد،این پی سی کی ویب سائٹ کا افتتاح کیا، این پی سی میں دو ماہ کے اندر جدید ڈیجیٹل لیب قائم کرنے کا اعلان، صدر اور سیکرٹری پریس کلب نے وفاقی وزیر کو پریس کلب کی اعزازی رکنیت دینے کا اعلان، تقریب میںپی آئی او میڈم ریئسہ عادل، نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راو، فنانس سیکرٹری عابد عباسی سمیت میڈیا ورکرز اور پریس کلب کے ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑنےاین پی سی میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی نئی ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں نیشنل پریس کلب کی انتظامیہ کو ویب سائٹ کی کامیاب لانچ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے شفافیت، ریکارڈ مینجمنٹ اور انتظامی امور میں نمایاں بہتری آئے گی اور نیشنل پریس کلب کو پاکستان کا مثالی پریس کلب بنانے میں مدد ملے گی، موجودہ دور میں اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن ناگزیر ہو چکی ہے، اس لیے صحافیوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیجیٹل میڈیا اور نئی صحافتی مہارتوں سے آگاہی انتہائی ضروری ہے،حکومت میڈیا ہاوسز کے ملازمین کے روزگار کے تحفظ، واجبات کی بروقت ادائیگی، صحافیوں کے ہاوسنگ مسائل، ہیلتھ کارڈ کی بحالی اور دیگر فلاحی منصوبوں پرسنجیدگی سے کام کر رہی ہے،صحافیوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ڈیجیٹل اسکلز کی تربیت فراہم کرنے اور کسی جامع تعلیمی ادارے کے ساتھ معاہدہ کرنے کی بھی کوشش کی جائے گی ،
حکومت صحافیوں کو جدید تربیت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی تاکہ وہ عالمی معیار کی صحافت کے تقاضے پورے کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا انڈسٹری کو درپیش مالی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ میڈیا ہاوسز اپنے ملازمین کے واجبات اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر کسی میڈیا ادارے میں ملازمین کو فارغ کرنے کی نوبت آئے تو ان صحافیوں اور ان کے خاندانوں کے تحفظ کے لیے ایک جامع پالیسی مرتب ہونی چاہیے۔ انہوں نے تجویز دی کہ تمام متعلقہ ادارے، تنظیمیں اور میڈیا مالکان مل بیٹھ کر ملازمت کے تحفظ اور روزگار کے استحکام کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا کی آزادی اور مضبوط پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی مضبوطی ہی معاشرے میں متوازن اطلاعات اور ذمہ دار صحافت کو فروغ دیتی ہے۔ انہوں نے نیشنل پریس کلب کی جانب سے صحافیوں کے لیے ہاوسنگ کوٹہ بحال کرنے کے مطالبے کو جائز قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اس حوالے سے متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے صحافیوں کے ہیلتھ کارڈ کی بحالی، پریس کلب کی خصوصی گرانٹ اور دیگر فلاحی منصوبوں پر بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد نیشنل پریس کلب ملک کا سب سے اہم صحافتی پلیٹ فارم ہے، اس لیے اس کی ترقی، جدید سہولیات کی فراہمی اور مالی استحکام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پریس کلب کی خصوصی گرانٹ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی مثبت پیش رفت کی جائے گی۔ انہوں نے نیشنل پریس کلب کے حالیہ انتخابات کو خوشگوار، شفاف اور جمہوری روایات کا بہترین مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں گروپوں کی جانب سے انتخابی نتائج کو خوش دلی سے قبول کرنا صحافتی برادری کے اتحاد اور بالغ نظری کی علامت ہے، جس پر تمام صحافی مبارکباد کے مستحق ہیں، وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت صحافی برادری کے مسائل کے حل اور میڈیا کے فروغ کے لیے نیشنل پریس کلب کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر قابلِ عمل اقدامات جاری رکھے گی، اس موقع پر نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال نے وفاقی وزیر اطلاعات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو گزشتہ کئی برسوں سے ہاوسنگ کوٹہ، ہیلتھ کارڈ، پریس کلب کی گرانٹ، واجبات کی ادائیگی اور دیگر بنیادی مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ان دیرینہ مسائل کے حل کے لیے فوری اور عملی اقدامات کرے، سیکرٹری نیشنل پریس کلب ڈاکٹر فرقان روف نے کہا کہ نئی ویب سائٹ کی تیاری اور ممبران کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن ادارے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ویب سائٹ پر ہر ممبر کا مکمل پروفائل، شناختی معلومات اور پیشہ ورانہ تفصیلات محفوظ ہوں گی جبکہ ممبران اپنی پروفائل اور تعارف بھی آن لائن اپ ڈیٹ کر سکیں گے،جس سے انتظامی نظام مزید شفاف اور موثر بنے گا، فنانس سیکرٹری عابد عباسی نے اپنے خطاب میں میڈیا انڈسٹری کو درپیش مالی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے روزگار کا تحفظ، تنخواہوں کی بروقت ادائیگی، پریس کلب کی مالی معاونت اور خصوصی گرانٹس وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کو نیشنل پریس کلب کی جانب سے اعزازی رکنیت کا سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے نیشنل پریس کلب کے زیر اہتمام ایک ماہ پر مشتمل ڈیجیٹل ٹریننگ پروگرام مکمل کرنے والے شرکا میں اسناد بھی تقسیم کیں۔..اعجاز خان
حکومت میڈیا ہاوسز کے ملازمین کے روزگار کے تحفظ، واجبات کی بروقت ادائیگی، ہاوسنگ ، ہیلتھ کارڈ پرسنجیدگی سے کام کر رہی ہے، عطا اللہ تارڑ
38













