مستونگ(نامہ نگار) سابق ڈسٹرکٹ اٹارنی بلال احمد ایڈووکیٹ قاتلانہ حملے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہے تفصیلات کے مطابق بابو محلہ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے سابق ڈسٹرکٹ اٹارنی مستونگ بلال احمد ایڈووکیٹ کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ حملے کے نتیجے میں گاڑی متعدد گولیوں کا نشانہ بنی، تاہم بلال احمد ایڈووکیٹ معجزانہ طور پر محفوظ رہے اور انہیں کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب بلال احمد ایڈووکیٹ اپنی گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔ اچانک نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ شروع کر دی، جس سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ فائرنگ کے فوراً بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی اور سرچ کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
قاتلانہ حملے کے بعد بابو محلہ اور گردونواح میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ شہریوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری اور قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آوروں کو جلد گرفتار کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
مستونگ: سابق ڈسٹرکٹ اٹارنی بلال احمد ایڈووکیٹ پر قاتلانہ حملہ، معجزانہ طور پر محفوظ
37













