وزیر اعلیٰ سرفرازبگٹی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بلوچستان میں سیف سٹی منصوبوں کو مؤثر اور فعال بنانے کے لیے مشترکہ تعاون پر اتفاق

43

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلوچستان میں سیف سٹی منصوبوں کو مؤثر اور فعال بنانے کے لیے مشترکہ تعاون پر اتفاق کیا ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان کی درخواست پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کو مضبوط بنانے اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنے کے لیے ہدایات جاری کر دیں، جبکہ بلوچستان اور پنجاب سیف سٹی اتھارٹیز کے مابین جوائنٹ وینچر کے تحت سیکیورٹی مانیٹرنگ کا نظام مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کے اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان محمد حمزہ شفقات نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے 9 شہروں میں سیف سٹی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
ڈی جی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس نے بتایا کہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی بلوچستان کے عملے کی تربیت، استعداد کار میں اضافے اور تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے صوبے کے 9 شہروں میں جاری سیف سٹی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید نگرانی کا نظام شہریوں کے تحفظ، جرائم کی بروقت نشاندہی اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا، سیف سٹی منصوبے محض نگرانی کا نظام نہیں بلکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جدید سیکیورٹی انفراسٹرکچر کی بنیاد ہیں۔
بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر سیکیورٹی مانیٹرنگ ناگزیر ہے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے اور مشتبہ سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی ممکن ہوگی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے اور وہ سیف سٹی منصوبوں پر پیش رفت کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بلوچستان کے سیف سٹی منصوبوں میں تعاون اور معاونت پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں