غربت و بیروز گاری صوبے کی ترقی کیلئے چیلنجز ہے،گورنر بلوچستان

28

کراچی : گورنر بلوچستان جعفر لخان مندوخیل نے کہا ہے کہ غربت اور بیروزگاری صوبے کی معاشی ترقی، سماجی خوشحالی اور نوجوانوں کے مستقبل کیلئے بڑے چیلنجز ہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ نوجوانوں کو محض ملازمت کے متلاشی بنانے کے بجائے انہیں روزگار فراہم کرنے اور کاروبار کے ذریعے دوسروں کیلئے بھی روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے قابل بنایا جائے۔ اس مقصد کے حصول کی خاطر ہر ڈسٹرکٹ کی سطح پر جدید مہارتوں کی ترقی اور میرٹ کی پاسداری اور نظام کی شفافیت یقینی بنانے سے واضح آسانی پیدا ہوگی۔ اپنے ایک بیان میں گورنر بلوچستان نے بیروزگاری کے خاتمے کیلئے معاشی ترجیحات ازسرِنو متعین کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زراعت، لائیو اسٹاک، صنعت، تجارت اور دیگر معاشی شعبوں کو جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور مو¿ثر منصوبہ بندی کے ذریعے ترقی دینا ضروری ہے تاکہ قومی اور مقامی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ درپیش معاشی چیلنجز پر قابو پانے کیلئے محض مالی امداد اور راشن کی فراہمی پر انحصار کرنے کی بجائے معاشی خودانحصاری اور پائیدار اقدامات پر توجہ دینا ہوگی۔ سردست لوگوں کو معاشی طور پر خودمختار بنانے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عام آدمی اپنی پوشیدہ صلاحیتوں، ہنر اور محنت کے ذریعے باعزت روزگار حاصل کر سکے۔ گورنر جعفر خان نے کہا کہ اس ضمن میں سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان اشتراکِ عمل یعنی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بلوچستان میں اس ماڈل کے تحت فنی تربیتی مراکز، صنعتی یونٹس، زراعت اور لائیو اسٹاک میں ویلیو ایڈیشن، کولڈ اسٹوریج، فوڈ پروسیسنگ اور جدید کاروباری منصوبوں کو فروغ دیکر معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کو مقامی ضروریات اور روزگار کی منڈی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے۔ ہر ضلع کے معاشی امکانات کا جائزہ لیکر ایسے فنی اور پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام متعارف کرائے جائیں جو نوجوانوں کو عملی زندگی کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور معاشی طور پر خودکفیل بنانے میں معاون ثابت ہوں۔ سرکاری جامعات، کالجز اور پولی ٹیکنک اداروں کو پرائیویٹ انڈسٹریز اور کاروباری مراکز سے منسلک کیا جائے تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ عملی تربیت اور روزگار کے بہتر مواقع بھی میسر آ سکیں۔ گورنر مندوخیل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے ایک ایسے خوشحال اور خودمختار معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے جہاں ہر نوجوان کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع میسر ہوں، ہر محنت کرنے والے کو باعزت روزگار ملے اور ترقی کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں