صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے سانحۂ کارساز کی برسی کے موقع پر اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ 18 اکتوبر پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ کا ایک المناک باب ہے۔ جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر کراچی کے کارساز کے مقام پر دہشت گردی کے ایک ہولناک واقعے میں سینکڑوں جیالوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یہ سانحہ پیپلز پارٹی کی جمہوریت، عوامی حقوق اور آئین کی بالادستی کے لیے طویل جدوجہد کی ایک دردناک یاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ سانحۂ کارساز کے شہداء کی قربانیاں ہماری سیاسی تاریخ کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان جیالوں نے ثابت کیا کہ پیپلز پارٹی کی جدوجہد محض نعروں تک محدود نہیں، بلکہ اس کی بنیاد عوام سے وابستگی، جمہوری اصولوں اور اپنے نظریے سے غیر متزلزل وفاداری پر ہے۔ ان کی قربانیاں ہمیں یہ پیغام دیتی ہیں کہ سیاسی جدوجہد میں مشکلات اور آزمائشوں کے باوجود اپنے اصولوں پر ثابت قدم رہنا ہی اصل عزم ہے۔
مینا مجید بلوچ نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن، ان کے سیاسی فکر و فلسفے اور عوامی خدمت کے نظریے کو نئی نسل تک منتقل کریں۔ بلوچستان کے نوجوان اور پیپلز پارٹی کے جیالے بھی اس جدوجہد کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور صدر زرداری کی قیادت میں ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ جمہوریت کے استحکام، عوامی حقوق کے تحفظ اور ایک منصفانہ معاشرے کے قیام کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سانحۂ کارساز کے شہداء کو حقیقی خراجِ عقیدت یہی ہے کہ ہم ان کے مشن کو آگے بڑھائیں اور ایک مضبوط، جمہوری اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔
سانحۂ کارساز کے شہداء کی قربانیاں پاکستان پیپلز پارٹی کی جمہوری جدوجہد کی روشن مثال ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مینا مجید بلوچ
51










