وزیر داخلہ بلوچستان اور تاجروں کے درمیان مذاکرات، مسائل کے حل کی یقین دہانی،قومی شاہراہوں کی حفاظت کیلئے ہنگامی اقدامات جاری ہے، ضیاء لانگو

34

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے، تاہم تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومت سنجیدہ ہے اور قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تاجروں کے تحفظات دور کرنے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں انجمن تاجران بلوچستان کے مرکزی صدر عبدالرحیم آغا کی قیادت میں تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین بلوچستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے
، جبکہ چند عناصر دشمن ملک کے ایما پر صوبے میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ نوجوانوں اور خواتین کو نشانہ بنانا بلوچ روایات کے منافی ہے اور حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجروں کے تمام جائز مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی اور اس حوالے سے کل دوبارہ مذاکرات کا ایک اور دور ہوگا تاکہ مسائل کا قابلِ عمل حل نکالا جا سکے۔اس موقع پر تاجروں کے وفد نے قومی شاہراہوں پر ٹرکوں اور آئل بوزروں کو نذرِ آتش کیے جانے کے واقعات، امن و امان کی صورتحال اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق اپنے تحفظات وزیر داخلہ کے سامنے پیش کیے، جبکہ حکومت نے ان مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں