سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) نے ملک کے ٹرانسپورٹ ادارے کے ایک سرکاری ذریعے کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ایک حملے کے نتیجے میں آئل ٹینکر ’اینسیلیا‘ کے اگلے حصے میں آگ لگ گئی۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ایک ذمہ دار ذریعے نے کہا ہے کہ سعودی کمپنی سے وابستہ جہاز اینسیلیا کو بحیرہ احمر میں سفر کے دوران نشانہ بنایا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی نے ذریعے کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ جہاز پر سوار عملے کے تمام ارکان محفوظ ہیں اور اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں اس بات کا کوئی ذکر نہیں کیا کہ حملہ کس کی جانب سے کیا گیا، تاہم جمعرات کی صبح یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروہ نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے دو سعودی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا جو ان کے بقول ان کی نافذ کردہ بحری ناکہ بندی کو عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ادھر ایران کی مقامی خبر رساں ایجنسیوں نے یمن کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ حوثیوں نے دو سعودی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا ہے۔
چند روز قبل، سعودی عرب کی جانب سے صنعا کے ہوائی اڈے پر بمباری کے بعد، حوثیوں نے اس ملک کی بحری ناکہ بندی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، اور اگر دو سعودی آئل ٹینکروں پر حملے کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ سعودی جہازوں کی آمد و رفت کے خلاف ناکہ بندی برقرار رکھنے کے لیے ان کی پہلی کارروائی ہوگی۔













