وزیراعلیٰ بلوچستان کی کراچی آمد، مقتول علی مرتضیٰ کے گھر تعزیت،حکومت متاثرہ خاندان کی کفالت کرے گی: سرفراز بگٹی

36

کرا چی(روزنامہ تعمیر بلوچستان) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کراچی میں مقتول علی مرتضی کے گھر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے لواحقین سے ملاقات اور تعزیت کی۔ وزیراعلی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک گھنانا فعل ہے اور حکومت بلوچستان متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مقتول کے بچوں کی کفالت، علاج اور تعلیم کی ذمہ داری حکومت بلوچستان اٹھائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم کو مکمل شفافیت کے ساتھ معاملہ حل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی مرتضی کے قتل کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک گھناؤنا فعل ہے اور مہمانوں کے ساتھ ایسا سلوک قابلِ قبول نہیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت بلوچستان متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور مقتول کے بچوں کی تعلیم اور علاج کے تمام اخراجات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کوئی نوگو ایریا نہیں اور ریاست کی رٹ ہر جگہ موجود ہے، تاہم سیکیورٹی فورسز کو چیلنجز ضرور درپیش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کے ماتھے پر دہشتگرد لکھا نہیں ہوتا، اور ایسے واقعات پر منفی بیانیہ ملک اور ریاست کو کمزور کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مقتول اپنے دوست کے گھر ٹھہرے ہوئے تھے اور راستہ بھٹک گئے تھے جبکہ حتمی حقائق تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں