محنت کشوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور انسانیت سوز اقدام ہے، سردارعبدلراحمن کھیتران

35

کوئٹہ :سابق صوبائی وزیر و رکن بلوچستان اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران نے ضلع پشین کے علاقے سرانان میں نہتے مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محنت کشوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور انسانیت سوز اقدام ہے۔ بے گناہ مزدوروں کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جانا چاہیے اور واقعے میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ مزدور طبقہ اپنی محنت اور پسینے سے معاشرے کی بنیاد مضبوط کرتا ہے۔ وہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل اور خاندان کی کفالت کے لیے سخت حالات میں بھی محنت کرتے ہیں۔ ایسے افراد کو نشانہ بنانا نہ صرف ایک خاندان کو اجاڑنے کے مترادف ہے بلکہ معاشرے کے پرامن اور محنت کش طبقے میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی اور تشدد کے خاتمے کے خواہاں ہیں اور امن دشمن عناصر کو یہ واضح پیغام ملنا چاہیے کہ ریاست اور عوام ان کے عزائم کے سامنے متحد ہیں۔ متعلقہ ادارے واقعے کی غیر جانب دارانہ اور مؤثر تحقیقات کرکے قاتلوں تک پہنچیں اور انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے جاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ سے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے شہداء کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں