کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے ضلع مستونگ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے سرکاری گن مین کی شہادت کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا کہ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین کی شہادت انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے محافظوں پر حملہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی ناکام کوشش ہے، تاہم ایسے عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
شاہد رند نے کہا کہ وکلاء اور ججز کو نشانہ بنانا ایک گہری سازش کا حصہ ہے، جس کا مقصد انصاف کے نظام کو کمزور کرنا اور خوف و ہراس پھیلانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور انہیں ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن دشمن عناصر بلوچستان کا امن خراب کرنے میں ناکام رہیں گے، جبکہ ریاست دشمن عناصر کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن کارروائی جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کا قلع قمع کیا جائے گا اور شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ شاہد رند نے بتایا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ حکومت بلوچستان شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھے گی۔
دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کا قلع قمع کیا جائے گا، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا: شاہد رند
31













