اسماءجتک کو انصاف ضرور ملے گا، حکومت ساتھ کھڑی ہے، ربابہ بلیدی

2

کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ اسماءجتک کیس انسانی حقوق سے متعلق ایک سنجیدہ اور قابلِ تشویش معاملہ ہے، جسے کسی بھی سطح پر معمولی یا نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ بلوچستان کی متاثرہ بچی انصاف کی متلاشی ہے اور ہر ذی شعور فرد کو ہر قسم کی مصلحت سے بالاتر ہوکر حق اور انصاف کا ساتھ دینا ہوگا۔ اپنے ایک جاری بیان میں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی متاثرہ خاندان سے مسلسل رابطے میں ہیں جبکہ محکمہ داخلہ بھی اس معاملے پر پوری طرح متحرک ہے۔ حکومت بلوچستان اسماءجتک کے خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان انسانی حقوق، خواتین اور بچوں کے تحفظ کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور کسی بھی متاثرہ شہری کو انصاف کے حصول میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
اسماءجتک کیس میں قانون کے تقاضوں کے مطابق شفاف اور مو¿ثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ مشیر ویمن ڈویلپمنٹ نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف کسی بھی قسم کے ظلم، تشدد یا ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ معاشرے کے تمام طبقات کو ایسے حساس معاملات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرین کی آواز بننا چاہیے اور انہیں انصاف کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ اسماءجتک کو ضرور انصاف ملے گا، حکومت بلوچستان اس معاملے پر سنجیدہ ہے اور متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس کیس میں قانون و انصاف کے تقاضوں کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں