فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں اسپین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پرتگال کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ اس شکست کے ساتھ ہی پرتگال کے مایہ ناز اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ کیریئر بھی اختتام کو پہنچ گیا۔
امریکا کے شہر آرلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا اور مقررہ 90 منٹ تک کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی۔ تاہم دوسرے ہاف کے انجری ٹائم کے پہلے ہی منٹ میں متبادل کھلاڑی میکال میرینو نے فیران ٹوریس کے شاندار پاس پر گیند جال میں پہنچا کر اسپین کو ایک صفر کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔
میرینو کو میچ کے آخری لمحات میں میدان میں اتارا گیا تھا اور انہوں نے اپنی ٹیم کا اعتماد درست ثابت کرتے ہوئے اہم ترین موقع پر گول اسکور کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ اسپین نے 2010 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ اسپین نے مسلسل 35 واں میچ بھی بغیر شکست کے مکمل کیا۔
دوسری جانب 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کا فٹبال ورلڈ کپ جیتنے کا خواب پورا نہ ہوسکا اور وہ اپنے کیریئر کے آخری ورلڈ کپ میں پرتگال کو کامیابی دلانے میں ناکام رہے۔













