وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے موسم سرما میں توانائی کے غیر ضروری استعمال سے گریز اور بچت کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ توانائی کے استعمال میں معمولی احتیاط بھی قیمتی زر مبادلہ کی بچت کا ذریعہ بن سکتی ہے، ایران امریکا کشیدگی سے عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں متاثر ہوئیں، عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوتے ہی عوام کو بھی فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
اتوار کونجی یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبول فیصلوں کے بجائے ملکی زر مبادلہ کے تحفظ کوترجیح دی، پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کرنے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی ہم نے اپنے وسائل ان لوگوں پر مرکوز کرکے انہیں محفوظ رکھا جو اس کے سب سے زیادہ مستحق تھے، اور آبنائے ہرمز کے بحران کا دیگر ممالک کے مقابلے میں کم نقصان کے ساتھ سامنا کیا، 12 سے 13 ملین مستحق افراد کو جنگ سے پہلے کی قیمتوں پر سبسڈائزڈ پٹرول فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا گزشتہ 6ماہ کے دوران آبنائے ہرمز کی صورتحال نے سب کو متاثر کیا ہے۔ مختلف ممالک کو اپنی معیشتیں چلانے کےلیےمہنگے تیل، گیس، ایل پی جی اور دیگر ایندھن کی خریداری کے لیے قیمتی زر مبادلہ کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ عوام کو بھی اپنے خاندانوں کے حوالے سے مشکل فیصلے کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کا بحران اپنی شدت اور وسعت کے اعتبار سے غیر معمولی رہا ہے اور اس کے مسلسل جاری رہنے سے مختلف ممالک کی استعداد آزمائش سے گزری ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ الحمدللہ پاکستان نے وہ معاشی استحکام برقرار رکھا ہے جس کے حصول کے لیے سب نے محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایندھن کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں شفافیت لائی گئی ہے اور تمام تفصیلات عوام کے سامنے رکھی کا رہی ہیں تاکہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں بہتری آنے پر اس کا فائدہ خود بخود عوام کے گھروں تک پہنچ سکے۔










