کوئٹہ : امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اسکیمیں متعارف کرانے کے بجائے عوام پر عائد بھتہ خوری اور ناروا ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے، دھرنے اور لانگ مارچ کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی کال پر لبیک کہتے ہوئے بلوچستان کے تمام اضلاع سے لانگ مارچ کے قافلے اسلام آباد دھرنے میں بھرپور شرکت کریں گے۔ گزشتہ سال بھی ہم نے بلوچستان کے حقوق کے لیے اسلام آباد مارچ کیا تھامگر اسلام آباد کے حکمرانوں نے عملی اقدامات اور حقوق دینے کے بجائے صرف وعدوں اور اعلانات پر اکتفا کیا، جس کے باعث آج بلوچستان بارود پر کھڑا ہے اور عوام بدحال و پریشان ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے اسلام آباد لانگ مارچ و دھرنے کی تیاریوں کے حوالے سے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضی خان کاکڑ، نائب امرا زاہد اختر بلوچ، مولانا محمد عارف دمڑ،عبدالمجیدسربازی،عبدالنعیم رند، پروفیسر سلطان محمد کاکڑ، ارشدمحمود،طیب فریدخان،عبدالولی خان شاکر، احمدشاہ غازی،روح اللہ سالار سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں لانگ مارچ و دھرنے کے حوالے سے اب تک کی سرگرمیوں،تیاریوں،رابطوں،شرکا کی تعداد، سفری انتظامات اور مختلف اضلاع سے روانہ ہونے والے قافلوں کا جائزہ لیا گیاجبکہ متعلقہ کمیٹیوں نے اپنی رپورٹس بھی پیش کیں۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ اسلام آباد دھرنے میں بلوچستان کے نوجوان،علمائے کرام، طلبہ و طالبات، اساتذہ کرام،تاجر، مزدور اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کثیر تعداد میں شریک ہوں گے۔ بلوچستان سے کچھ قافلے کراچی کے قافلوں کے ساتھ روانہ ہو چکے ہیں، جبکہ مختلف اضلاع سے مزید قافلے آج اور کل اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل، مطالبات، دکھ اور درد بھی اسلام آباد دھرنے میں اپنے قائدین اور پوری قوم کے سامنے پیش کریں گے۔ بلوچستان کے عوام بدامنی، بے روزگاری،مہنگائی، بارڈرز اور سڑکوں کی بندش سمیت متعدد مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ حکمران بلوچستان کے مشکلات اور مسائل سے منہ نہ موڑیں بلکہ عوام کو ان کے حل کے لیے عملی اقدامات اور فوری ریلیف فراہم کریں۔امیر جماعت اسلامی بلوچستان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر مختلف ٹیکسز اور لیوی کے نام پر عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے حکمران اپنی شاہ خرچیوں اور غیر ضروری اخراجات میں کمی کریں۔ عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، ایسے میں نئے ٹیکسز اور اضافی مالی بوجھ عوام کے مسائل میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ آئینی، جمہوری اور پرامن جدوجہد کے ذریعے عوام کے مسائل اجاگر کیے ہیں اور آئندہ بھی بلوچستان سمیت ملک بھر کے عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اسلام آباد دھرنے میں بلوچستان کے عوام کی بھرپور نمائندگی ہوگی اور صوبے کے بنیادی حقوق، امن، روزگار، تعلیم، صحت، بارڈر تجارت اور عوام کو درپیش دیگر مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔
پٹرولیم قیمتوں پر نئی اسکیموں کے بجائے بھتہ خوری اور ناروا ٹیکسز ختم کیے جائیں، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ
46










