مستونگ میں کیسکو کا نیا لوڈشیڈنگ شیڈول عوام کے لیے عذاب بن گیا، بار بار ٹرپنگ سے شہری، تاجر اور طلبہ پریشان

42

مستونگ: کیسکو کا نیا لوڈشیڈنگ شیڈول عوام کو مزید مشکلات میں دھکیلنے کا سبب بن گیا، بجلی کی فراہمی کے اوقات کار ناقابلِ فہم، بار بار ٹرپنگ نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی، شہری، تاجر، گھریلو صارفین اور طلبہ و طالبات شدید اذیت میں مبتلا۔
مستونگ کے سیاسی و عوامی حلقوں نے کیسکو کی جانب سے بجلی کی فراہمی کے نئے شیڈول پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی فراہمی کے نام پر صارفین کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے۔ پہلے ہی بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، جبکہ نئے شیڈول نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مستونگ سٹی کے بعد اب دیہی علاقوں کے عوام کو بھی بجلی کی سہولت سے مزید محروم کرنے کی پالیسی اختیار کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل مستونگ سٹی کے فیڈرز پر روزانہ صبح اور شام تین، تین گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی تھی، تاہم نئے شیڈول کے تحت بجلی کی فراہمی کو اس قدر غیر مؤثر اور غیر منظم بنا دیا گیا ہے کہ دن اور رات کے مختلف اوقات میں صرف ایک، ایک گھنٹے کے لیے بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ اس دوران بار بار ٹرپنگ کے باعث بجلی کی فراہمی مسلسل متاثر رہتی ہے، جس سے صارفین کو نہ مناسب وولٹیج ملتا ہے اور نہ ہی بجلی کی دستیابی سے کوئی خاطرخواہ فائدہ حاصل ہوتا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا تھا کہ بجلی کی فراہمی کے اوقات کار کو اس انداز میں تقسیم کردیا گیا ہے کہ صارفین کے لیے روزمرہ کے معمولات چلانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ دکانداروں اور تاجروں کا کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے، گھریلو صارفین پانی سمیت بنیادی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں، جبکہ طلبہ و طالبات کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خصوصاً ایسے وقت میں جب امتحانات قریب ہیں، بجلی کی طویل بندش اور غیر اعلانیہ ٹرپنگ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کو متاثر کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرنے کے باوجود بجلی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ اگر بجلی فراہم ہی نہیں کرنی تو صارفین سے بھاری بل وصول کرنے کا کیا جواز ہے؟ کیسکو حکام کو چاہیے کہ وہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا شیڈول مرتب کریں جس سے صارفین کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے، نہ کہ بجلی کی فراہمی کو محض رسمی کارروائی تک محدود رکھا جائے۔
مستونگ کے سیاسی و عوامی حلقوں نے چیف کیسکو، متعلقہ صوبائی حکام اور ڈپٹی کمشنر مستونگ سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی فراہمی کے نئے شیڈول، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بار بار ٹرپنگ کا فوری نوٹس لیا جائے، بجلی کی فراہمی کے اوقات کار پر نظرثانی کرکے سابقہ شیڈول بحال کیا جائے اور صارفین کو بلا تعطل اور قابلِ استعمال بجلی فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوامی مشکلات کا فوری ازالہ نہ کیا گیا اور بجلی کی فراہمی میں بہتری نہ لائی گئی تو شہریوں میں پائی جانے والی بے چینی میں مزید اضافہ ہوگا اور عوام اپنے حقوق کے حصول کے لیے احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہو سکتے ہیں، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں