کوئٹہ:بلوچستان کے ضلع خضدار میں پیپلز پارٹی کے رہنما میر شفیق الرحمان مینگل کی رہائش گاہ کے قریب فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت5 افرادجاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ بدھ کو علی الصبح تھانہ آڑینجی کی حدود میں آنے ڈیڑھ سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع اواک کے مقام پر پیش آیا جو ایک دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہے۔بتایا گیا ہے کہ مسلح افراد نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میر شفیق الرحمان مینگل کی رہائش گاہ کے قریب لیویز کی ایک پرانی چوکی کو نشانہ بنایا جہاں ان کا ایک محافظ اور ایک پولیس اہلکار تعینات تھا۔مسلح افراد نے شفیق مینگل کے چار محافظوں کو موقع پر ہی ہلاک کیا جن کی شناخت عبدالحئی، نعمت اللہ، یحییٰ اور نصیر احمد کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ایک پولیس اہلکار نور محمد کو مسلح افراد اپنے ساتھ اغوا کر کے لے گئے اور کچھ فاصلے پر لے جا کر اسے بھی قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق حملے میں عبید اللہ نامی شخص زخمی بھی ہوا جبکہ حملے کے بعد مسلح افراد فرار ہو گئے۔واضح رہے کہ یہ وہی مقام ہے جہاں گزشتہ سال جون میں میر عطا الرحمان کو ان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا جبکہ اس واقعے میں ان کا بیٹا مطیع الرحمان زخمی ہوا تھا۔شفیق الرحمان حکومت کے حمایت یافتہ اور اسٹیبلشمنٹ کے قریب سمجھے جاتے ہیں جبکہ وہ کالعدم تنظیموں کے ہٹ لسٹ پر رہے ہیں۔
خضدار، شفیق الرحمان مینگل کی رہائش گاہ کے قریب فائرنگ، پولیس اہلکار سمیت 5افرادجاںبحق
54










