کوئٹہ:پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کی مایوسی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ صوبے کے نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔ نوجوانوں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نوجوان سماجی رہنما شہزاد شفقت اور ڈاکٹر حاشر سے اپنی رہائش گاہ پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سماجی رہنما شہزاد شفقت نے ڈاکٹر حاشر کے ہمراہ نوابزادہ جمال خان رئیسانی سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بلوچستان کے نوجوانوں کے مستقبل، سیاسی شمولیت، قیادت سازی اور صوبے میں نوجوانوں کی ترقی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ? خیال کیا گیا۔اس دوران نوجوانوں کے لیے مہارتوں، استعداد کار اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے مختلف امکانات پر گفتگو کی۔
اس موقع پر نوجوانوں میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے مثبت اور ذمہ دارانہ استعمال، تعلیمی مواقع، آگاہی اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ میں نوجوانوں کے کردار پر بھی زور دیا گیا۔سماجی رہنما شہزاد شفقت نے نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی کی نوجوانوں کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بطور قائم مقام وزیرِ امورِ نوجوانان و کھیل، بلوچستان یوتھ پالیسی کی تشکیل اور اس پر پیش رفت میں ان کا اہم کردار قابلِ تحسین ہے۔جس سے صوبے میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم ھوا ہے۔ شہزاد شفقت نے کہا۔ کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان سیاست، قیادت اور عوامی خدمت میں آگے آئیں۔ نوجوانوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں نمائندگی ملنی چاہیے تاکہ وہ اپنے خیالات، صلاحیتوں اور توانائی کے ذریعے صوبے اور ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا۔ کہ نوجوانوں کی تعلیم، قیادت، ہنر مندی اور مثبت سماجی کردار کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ بلوچستان کا نوجوان بااختیار اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہو۔
بلوچستان کے نوجوانوں کی مایوسی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے،صوبے کے نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں،نوابزادہ جمال رئیسانی
33













