کوئٹہ۔7اگست کو بلوچستان کی تمام شاہراہیں بند ہوں گی، عوام، ٹرانسپورٹرز اور تاجر برادری قومی ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔مختلف علاقوں سے نوجوانوں کاجماعت اسلامی میں شمولیت خوش آئند ہے۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچامیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے غیرت مند عوام، ٹرانسپورٹرز، تاجر برادری،نوجوانوں اور مختلف مکاتب فکر کے تعاون سے7اگست بروز جمعہ پورے بلوچستان میں قومی سطح پرہڑتال کی جائے گی اور صوبے کی تمام اہم شاہراہیں بند رہیں گی۔ یہ ہڑتال ایف سی کے مبینہ مظالم، بارڈرز کی بندش، پٹرولیم مصنوعات پر بھتہ خوری، مہنگائی، بدامنی، ٹارگٹ کلنگ، بے امنی اور عوامی مسائل کے خلاف جبکہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے مطالبے کے لیے ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد عوام کے حقوق کے حصول، امن، انصاف اور خوشحالی کے لیے ہے، یہی وجہ ہے کہ نوجوانوں، عوام الناس اور مختلف طبقات کی بڑی تعداد جماعت اسلامی میں شامل ہو رہی ہے، جو خوش آئند اور عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے علاقے سردار کاریز میں منعقدہ شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جلسے سے امیر جماعت اسلامی کوئٹہ عبدالنعیم رند اور صدر جے آئی یوتھ کوئٹہ نسیم سیلاچی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے جماعت اسلامی کے پیغام، دعوت، دیانت دار قیادت، عوامی خدمت اور ملک میں حقیقی، پرامن اور آئینی تبدیلی کے لیے جاری جدوجہد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ عوام خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں، جبکہ بے گناہ افراد کے قتل، لاپتہ ہونے کے واقعات، شاہراہوں پر عدم تحفظ اور معاشی بدحالی نے ہر شہری کو پریشان کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام یہ سوال کرنے پر مجبور ہیں کہ بے گناہوں کا خون آخر کب تک بہتا رہے گا اور بلوچستان کے عوام کب تک ناانصافیوں کا شکار رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی مسلسل ناکامی اور نااہلی کے باعث بلوچستان کے متعدد علاقے عملا غیر محفوظ ہو چکے ہیں، جبکہ بارڈرز کی بندش نے ہزاروں خاندانوں کا روزگار متاثر کیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور مبینہ بھتہ خوری نے ٹرانسپورٹرز، تاجروں اور عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔انہوں نے بلوچستان کے عوام، ٹرانسپورٹرز، تاجر برادری، طلبہ، نوجوانوں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ 7 اگست کی قومی ہڑتال میں بھرپور شرکت کرکے اپنے حقوق، امن اور بہتر مستقبل کے لیے متحد ہو جائیں اور اس پرامن احتجاج کو کامیاب بنائیں۔شمولیتی جلسے میں ملک نوید محمد شہی کی سربراہی میں بڑی تعداد میں افراد نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی اور جماعت اسلامی کی عوامی جدوجہد پر اعتماد کا اظہار کیا۔ مقررین نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے حل، امن کے قیام اور بلوچستان کے حقوق کے لیے جدوجہد مزید تیز کی جائے گی۔
7 اگست کو بلوچستان بھر میں ہڑتال ہوگی اور شاہراہیں بند رہیں گی، مولانا ہدایت کا اعلان
39













